شہر کی اہم ترین سڑک اکھاڑ کر چھوڑ دی گئی، پتھر اڑ کر لگنے سے روزانہ کئی راہگیر زخمی

Wazirabad

Wazirabad

وزیر آباد (نامہ نگار) شہر کی اہم ترین سڑک اکھاڑ کر چھوڑ دی گئی، پتھر اڑ کر لگنے سے روزانہ کئی راہگیر زخمی جبکہ گاڑیوں اور قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹنے لگے۔ بار بار مطالبات کے باوجود انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔

ایوان عدل وزیرآباد کے شمالی گیٹ کی جانب سڑک کاچھوٹا سا ٹکرا گزشتہ کئی ماہ سے اکھاڑ کر ٹھیکیدار غائب ہوچکا ہے۔

اکھڑی ہوئی سڑک پر جا بجا بکھرے پتھروں کی وجہ سے راہگیروں اور قریبی دکانوں کا رخ کرنے والے افراد اور مالکان کو شدید دشواری کا سامنا ہے بھاری بھر کم گاڑیوں اور تیز رفتاری میں گزرنے والے موٹر سائیکلوں کی وجہ سے پتھر اڑ کر گولی کی صورت میں لگتے ہیں۔

اب تک کئی افرادپتھر لگنے کے واقعات کی وجہ سے زخمی جبکہ کئی گاڑیوں اور قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے سڑک کی مرمت کے مطالبات اور استدعائوں کے باوجود متعلقہ انتظامیہ یا مقامی سیاسی قیادت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

صدر انجمن شہریاں محمود احمد خان لودھی، صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔