کوچ نے یونس خان پر پریشر ڈالنے کا الزام مسترد کر دیا

Waqar Younis

Waqar Younis

کراچی (جیوڈیسک) کوچ وقار یونس نے یونس خان پر پریشر ڈالنے کا الزام مسترد کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ ڈراپ کرنے کی بات کر کے سینئر بیٹسمین تھوڑی زیادتی کر گئے، ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہ تھا، ون ڈے اسکواڈ میں بھی اگر ان کی جگہ بنی تو موقع دیا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں ایک انٹرویو میں سابق کپتان یونس خان نے دبے الفاظ میں کوچ اور ٹیسٹ کپتان مصباح کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا،وقار یونس نے سینئر بیٹسمین کو سپورٹ نہ کرنے کا الزام مسترد کر دیا،انھوں نے کہا کہ یونس خان لیجنڈ ہیں، انھوں نے ملک کے لیے بے تحاشا کارنامے انجام دیے، یہ بات درست نہیں کہ اگر وہ پالے کیلی ٹیسٹ میں177رنز نہ بناتے تو انھیں ڈراپ کر دیا جاتا‘ یہاں وہ تھوڑی زیادتی کر گئے، بطور کوچ انھیں ہمیشہ میری حمایت حاصل رہی ہے۔

ان جیسے کھلاڑی کم ہی پیدا ہوتے ہیں، وہ ہمارے ہیرو ہیں، ہماری جانب سے ان پر کوئی پریشر نہیں تھا۔ ایک سوال پر کوچ نے کہا کہ ون ڈے اسکواڈ میں واپسی یونس خان کی بہت پرانی خواہش ہے، ورلڈکپ میں انھیں موقع بھی ملا، اب بھی اگر اسکواڈ میں جگہ بنی تو انھیں کھلایا جائیگا، البتہ کئی نوجوان کھلاڑی بھی سامنے آ گئے ہیں، یونس نے مختصر طرزکے میچز میں اچھا پرفارم کیا تو سلیکٹرز انھیں چانس دے سکتے ہیں۔ دریں اثنا دیگر امور پر گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد نیا دور شروع ہوا، کئی نوجوان پلیئرز ٹیم میں آئے، انھیں ایڈجسٹ ہونے میں وقت تو لگنا ہی تھا، وہ تیز کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کی کارکردگی بھی بہت اچھی ہے،آئندہ کچھ عرصے میں مزید بہتری دیکھنے میں آئے گی، انھوں نے کہا کہ محمد رضوان، عماد وسیم، محمد حفیظ اور احمد شہزاد عمدہ کھیل پیش کر رہے ہیں، ہماری اچھی ٹیم بن گئی جو درست سمت میں گامزن ہے۔کوچ نے کہا کہ سعید اجمل کے بعد محمد حفیظ کی بولنگ پر پابندی ٹیم کیلیے بڑا جھٹکا تھی، مگر عماد وسیم نے فی الحال ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دی ہے، ابھی ایک سیریز ہوئی لہذا حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، آگے جو کرکٹ آئیگی تب ہی کچھ علم ہوگا، انھوں نے کہا کہ حفیظ بطور بیٹسمین خاصے مفید ثابت ہو رہے ہیں، انھوں نے بولنگ کے دباؤ سے آزاد ہونے پر اپنی بیٹنگ پر زیادہ توجہ دی اور وہ ہماری ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ حالیہ کارکردگی دیکھنے کے بعد اظہر علی کی کپتانی پر کوئی اعتراض نہیں کر سکتا،ان کی بیٹنگ کا اندازہ تو اعدادوشمار دیکھ کر ہی لگایا جا سکتا ہے، ٹیسٹ میں تو اظہر صلاحیتوں کا لوہا منوا ہی چکے تھے اب ون ڈے کے مزاج میں بھی انھوں نے خود کو بخوبی ڈھال لیا،زمبابوے کیخلاف اظہر نے اچھا پرفارم کیا اور اب حالیہ ٹور میں بھی اعتماد سے مالامال ہو کر بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں۔

وقار نے یاسر شاہ کو میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ عرصے میں جتنے بھی کھلاڑی منظرعام پر آئے وہ ان سب میں بہترین ہیں، ان کی بولنگ میں دن بہ دن نکھار آ رہا ہے، ٹیسٹ کیساتھ انھوں نے ون ڈے میں بھی خود کو منوا لیا۔ سابق پیسر نے کہا کہ ابھی مجھے زمبابوے کا دورہ ملتوی ہونے کا علم نہیں، یہ بورڈ کا فیصلہ ہوگا، ہمارے لیے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت بے حد اہمیت کی حامل ہے۔