مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں سندھ کے مسائل پرآواز اٹھائی ، قائم علی شاہ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں سندھ کے مسائل پر بھر پور آواز اٹھائی ہے۔

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کی 2 گیس فیلڈز سوئی ناردرن کے حوالے کرنے پر وزیر اعظم سے شکوہ بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ کی 2گیس فیلڈز سوئی ناردرن کے حوالے کرنے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر قانونی بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نےاس معاملے پر وفاقی وزیر پیٹرولیم کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے جو انہیں رپورٹ پیش کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے مردم شماری سے متعلق32 سیاسی جماعتوں کی قرارداد بھی وزیراعظم کو پیش کی اور مطالبہ کیا کہ پورے ملک ، خاص طور پر سندھ میں مردم شماری ایک ہی دن فوج کی نگرانی میں کرائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 30 لاکھ افغان اور غیر ملکی غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں، انہیں مردم شماری سے باہر رکھنا ضروری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بھی پورے ملک میں ایک ساتھ مردم شماری کرانے کا عندیہ دیا۔