کمیونٹی ریڈیو کے زیر انتظام عید مِلن کنسرٹ کا اہتمام، بھارتی، پاکستانی اور برطانوی فنکاروں کی پر فارمنسز

Eid Concert

Eid Concert

ہڈرزفیلڈ (نوید چوہان) عید کی خوشیوں میں دیگر کمیونٹیز جو شامل کرنا کا سلسلہ برطانیہ بھر میں جاری ہے۔ ہڈرزفیلڈ میں بھی مقامی کمیونٹی ریڈیو کی جانب سے ایک عید مِلن کنسرٹ اور ریڈیو کی پہلی سالگرہ کی ایک تقریب کا انعقاد ٹاؤن ہال میں کیا گیا جس میں مقامی عمائدین ، خواتین بچے اور برطانیہ بھر سے مداحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد مختلف کمیونیٹز کے مابین اتحاد اور محبت کا فروغ تھا۔ ریڈیو کے مالک محمود حسین شیدائی کا کہنا تھا کہ موسیقی روح کی غذا ہے اور ایسے ایونٹس کمیونٹیز کے مابین اختلافات کم کرتے ہیں اور چونکہ یہ فیملی شو ہے جس میں تمام کمیونٹیز مل بیٹھ کر پاکستانی اور ایشیائی موسیقی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ریڈیو کے سی ای او قیصر محمود کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد دلوں کو ملانا ہے اور ہم کسی حد تک اس کوشش میں کامیاب ہوئے ہیں۔

آج اس ہال میں ہر رنگ نسل کے لوگوں نے شرکت کرکے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ ہڈرزفیلڈ میں بسنے والی تمام کمیونٹیز متحد ہیں۔ کنسرٹ میں برطانیہ بھر سے بھارتی، پاکستانی اور برطانوی فنکاروں نے اپنے آواز اور سروں کے جادو سے حاضرین محفل کو محظوظ کیا۔

برطانوی گلوکار جاز دھامی، بونا فائیڈ، ایزو،سھارا، عروج خان، عبدالحفیظ، ششی رانا اور پاکستانی پرائیڈ آف پرفارمنس استاد ببلو کے بیٹے شہریار خان نے اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ شرکاء نے بھی اس منفرد اور خوبصورت تقریب کو بے حد پسند کیا اور آئندہ بھی ایسی تقریبات جس سے کمیونٹی انضمام میں مدد ملے کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔