آف شور کمپنیاں محنت سے بنائیں، کرپشن نہیں کی : حسین نواز

Hussain Nawaz

Hussain Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کہتے ہیں ، سیاست سے پہلے کاروبار میں محنت کی، افسوس ہے، کچھ لوگ الزامات لگا رہے ہیں، آف شور کمپنیاں محنت کی کمائی ہیں، کرپشن کی نہیں۔

آف شور کمپنیوں کے معاملے پر حسین نواز نے وضاحت کردی ، کہتے ہیں پانامہ لیکس آنے سے پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ آف شور کمپنیاں ان کی ہیں۔ یہ کمپنیاں محنت کی کمائی ہیں ، کرپشن کی نہیں۔

شریف خاندان نے سیاست سے پہلے کاروبار میں محنت کی ۔ حسین نواز نے کہا کہ پاکستانی قوانین کے تحت ایک خاص مدت سے زیادہ بیرون ملک رہنے والے کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔ وہ تو انیس سو بانوے سے بیرون ملک مقیم ہیں۔

حسین نواز نے واضح الفاظ میں کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی بیرون ملک کوئی آف شور یا آن شور کمپنی نہیں پھر بھی کوئی تحقیقات کرنا چاہے تو شریف خاندان خود کو رضاکارانہ طور پر نیب سمیت ہر ادارے کے سامنے پیش کرتا ہے۔