موجودہ حالات میں ہم آہنگی کی فضاء قائم رکھنا ناگزیر ہو چکا ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Naeem

Mufti Naeem

کراچی : معروف مذہبی اسکالروجامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ پاک فوج کے جوانوں کی صلاحیتوں کو دنیا تسلیم کرچکی ہے،پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر اور اعتماد ہے حالات سے لگتاہے کوئی طاقت پاک بھارت جنگ کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

جنگ مسائل کا حل نہیں ہوتا مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر توجہ دی جائے ،جمعہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم کہاکہ موجودہ نازک حالات میں تمام سیاسی وبالخصوص مذہبی قوتوں کے مابین اتحادواتفاق اورہم آہنگی کی فضا قائم رکھنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

ایک جانب اسلام مخالف قوتیں اسلام اور مسلم امہ کو مٹانے کے درپے ہیں،دوسری جانب بھارت گدڑ بھبکیوں کے ذریعے قوم کو خوفزدہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے، بھارت کو یادرکھنا چاہیے کہ 65ء کی جنگ میں شکست اس کا مقدر بنی تھی آج الحمد اللہ پاکستانی افواج 65ء کی فوج سے زیادہ مستحکم اور مضبوط ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ جنگ کا تجربہ رکھنے والی فوج مانی جاتی ہے۔

اس لیے جنگ کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے تو دونوں ملکوں کیلئے بہتر ہوگا، انہوں نے کہاکہ بھارت اور دشمن قوتوں کو یہ غلط فہمی ہے کہ پاکستان گزشتہ دس سالوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے لڑتے کمزور ہو چکا ہو گا مگر ایسا ہرگز نہیں آج وطن عزیز الحمد اللہ ہر لحاظ سے مضبوط ہے۔

1965 ء کورات کے اندھیرے میں بھارت نے پاکستان پرحملہ کیا جس کا بہادرافواج نے دندان شکن جواب دیا تھا بھارت آج بھی17روزہ اس جنگ سے کے خوف سے باہر نہیں آسکاہے،اب اگر بھارت نے طبل جنگ بجانے کی کوشش کی تویہ اس کی اپنی ذات کیلئے برا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم خطے کی سب سے مضبوط قوم ہے پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ایک پیج پرکھڑی ہے، بھارت اپنے عزائم سے بازرہے اگر پاکستانی افواج نے جواب دیا تو پھر چھپنے کی جگہ بھی میسر نہیں ہوگی۔