حالات نظر آ رہے ہیں، نواز شریف کو انصاف ملنے کی توقع نہیں۔ شاہد خاقان عباسی

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حالات نظر آ رہے ہیں، نواز شریف کو انصاف ملنے کی توقع نہیں ہے۔ وہ اصولوں کے لیے جیل جانے کو تیار ہیں۔

وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام باخبر ہیں، انہیں سب کچھ نظر آ رہا ہے۔ نواز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں اور ان کیخلاف کسی نے گواہی بھی نہیں دی لیکن حالات نظر آ رہے ہیں کہ انھیں انصاف ملنے کی کوئی توقع نہیں ہے۔ وہ اصولوں کے لیے جیل جانے کو تیار ہیں لیکن اصولوں پر کوئی کمپرومائز نہیں کرینگے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان میں صرف ایک ملزم نواز شریف رہ گیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کا بیان اخبار میں چھپا تھا جسے بھارتی میڈیا نے اچھالا۔ بیان کے اثرات پر قومی سلامتی کا اجلاس بلایا گیا تھا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ حقیقت یہ ہے نواز شریف کا بیان کسی نے پڑھا ہی نہیں ہے۔ مسل لیگ (ن) کا ریکارڈ سب کے سامنے ہے۔ نواز شریف نے ہمیشہ ترقی اور اصولوں کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول اور ملٹری حالات پیچدہ تھے لیکن اب دونوں طرف سے بہتری آئی ہے، قومی ایشوز پر اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے ایشوز حل طلب ہیں۔ آج کے حالات میں ملک چلانا ناممکن ہو چکا ہے۔ سیاسی، ملٹری اور جوڈیشل لیڈرشپ کو طے کرنا ہو گا کہ ملک کو کیسے چلایا جائے گا۔