سازشیوں کا مقدر شکست ہے، عمران کی حیثیت مہرے سے زیادہ نہیں: مریم نواز

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے سلسلے میں ایوانِ اقبال میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسا جذبہ اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، بولیں، میاں صاحب آئی لو یو! میاں صاحب لاہور اور پاکستان آپ سے آئی لو یو کہہ رہا ہے۔ مریم نواز نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو دن بعد این اے 120 کا معرکہ ہے، ہر روز این اے 120 میں جذبہ دیکھتی ہوں، یہ جذبہ ووٹ میں تبدیل ہو گا، 17 ستمبر کا دن ان قوتوں کے خلاف ہے جو نواز شریف کے خلاف سازشیں کرتی رہی ہیں۔

مریم نواز نے لیگی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مخالف چھوٹا اور بزدل ہے، میدان سے باہر جا کر سازشیں کرتا ہے، جب مقابلہ کرتا ہے تو ہار جاتا ہے اور ایک بار نہیں، بار بار ہارتا ہے، پھر باہر جا کر سازشیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران کا نام مت لو، اس کی حیثیت مہرے سے زیادہ نہیں، عوام نے صرف نواز شریف سے اپنا نصیب نہیں جوڑا کیونکہ پاکستان کی ترقی بھی نواز شریف کے ساتھ جڑی ہے، جب نواز شریف نہیں ہوتا تو ملک بحران میں جاتا ہے، دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، جب نواز شریف ہوتا ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، سی پیک بھی بنتا ہے۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نظر آ رہا ہے، شیر بازی لے جائے گا، ہم نے الیکشن جیتنا ہے اور بھاری اکثریت سے جیتنا ہے۔ مریم نواز نے کارکنان کو مخاطب کر کے کہا کہ میرے ساتھ ہاتھ اٹھا کر وعدہ کرو کہ میرے کارکنان گلی گلی اور ہر محلے سے ووٹرز کو نکالیں گے، سترہ ستمبر کو آپ نے ووٹروں کو گھروں سے پولنگ سٹیشنوں تک چھوڑ کر آنا ہے، جب تک آپ کو آپ کی ماں کی جیت کی خبر نہ مل جائے پیچھے نہ ہٹنا۔