سازش کے تحت مخصوص چہروں کو مرکزی کردار دیے جا رہے ہیں، میرا

Meera

Meera

لاہور (جیوڈیسک) فلمسٹار میرا نے کہا ہے کہ لابی سسٹم سے باہرنکل کرپاکستان فلم انڈسٹری کی بہتری کے لیے نہ سوچا گیا تو اچھے دن آئیں گے اور نہ ہی مسائل کم ہوں گے۔

میرا کا کہنا تھا کہ شدید بحران اور بھارتی فلموں کی یلغارسے بچنے کے لیے مل کرکام کیا جائے توبہترنتائج ملیں گے، اس وقت ایک خاص لابی برسوں تک فلم انڈسٹری کے ساتھ رہنے والوں کو الگ کرنے میں لگی ہے، اگریہ سلسلہ نہ رکا تواس سے حالات مزید خراب ہونگے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے ’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے کیا۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں کام کرنے والوں کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے اوروہ مقابلہ بہترکام کے ذریعے کیا جاتا ہے، مگریہاں توبہترکام کرنا بہت دورکی بات ہے، کچھ لوگ ایسا گیم پلان تیارکرکے میدان میں اترے ہیں کہ بہت سے باصلاحیت لوگوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھانے کا موقع ہی نہیں مل رہا۔

سوچی سمجھی سازش کے تحت مخصوص چہروں کو مرکزی کرداردیئے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ لوگ بڑے پردے پروہ مقام حاصل نہیں کرپائے، جوایک فلمی ستارے کوملتا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ فلمسٹارکا ٹیگ اپنے ساتھ لگانے اوراس کی لاج رکھنے کے لیے ایک فنکارکوسخت امتحان پاس کرنا پڑتے ہیں۔

کہنے کوتوہرکوئی اپنے نام سے پہلے فلمسٹار لگالیتا ہے مگرایک فلمسٹارکی کیا ذمے داریاں ہوتی ہیں اس سے بے خبررہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے فلم انڈسٹری میں آنکھ کھولی اورمیرا اوڑھنا بچھونا یہی انڈسٹری ہے۔

میں نے اپنی صلاحیتوں کے بل پریہاں راج کیا اورآج بھی لوگ مجھ سے بے پناہ پیارکرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میرا نے کہا کہ میری نئی فلم ’’ہوٹل‘‘ آیندہ ہفتے ریلیز ہوگی۔ یہ فلم شائقین کے لیے تحفہ ہے۔ اس فلم میں میری جاندار ایکٹنگ دیکھ کر مخالفین بھی حیران ہوجائیں گے اورجولابی جان بوجھ کرمعروف فنکاروں کو فلموں سے دور کرنا چاہتی ہے، یہ فلم ان کے لیے چیلنج ثابت ہو گی۔