کنٹرول لائن پر فائرنگ کا تبادلہ، دو سویلین ہلاک

Control Line Firing

Control Line Firing

نوشہرہ (جیوڈیسک) پاکستان اور بھارت میں تقسیم متنازعہ خطے کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے آر پار پاکستانی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم دو عام شہری ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل منیش مہتا نے کہا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول پر نوشہرہ سیکٹر میں آج صبح بھارتی فوجی پوسٹوں پر شیلنگ شروع کردی۔ مہتا کے مطابق بھارتی فوجیوں نے بھی اس فائرنگ کا جواب دیا اور یہ کہ جھڑپوں کا سلسلہ آج ہفتہ 13 مئی کی سہ پہر تک جاری تھا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تاہم پاکستانی فوج کی طرف سے اس بھارتی الزام کی تردید کی گئی ہے۔ پاکستانی فوج کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر سات مختلف سیکٹرز میں فائرنگ کی جس کی وجہ سے تین عام پاکستانی شہری زخمی بھی ہوئے۔ جوہری طاقت رکھنے والے جنوبی ایشیا کے یہ دونوں ہمسایہ ممالک اس متنازعے خطے میں فائرنگ کا آغاز کرنے کا الزام اکثر ایک دوسرے پر عائد کرتے رہتے ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارتی زیر انتظام کشمیر کے سویلین ایڈمنسٹریٹر شاہد اقبال نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے سبب دو کشمیری ہلاک ہو گئے جن میں ایک 13سالہ لڑکی اور ایک 51 سالہ شخص شامل ہیں جبکہ تین دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

شاہد اقبال کے مطابق بھارتی زیرانتظام کشمیر کے 15 دیہات کے 15 ہزار سے زائد ایسے رہائشی شدید خطرات میں گھِرے ہوئے ہیں جو براہ راست اس فائرنگ کی زد میں آ سکتے ہیں۔

بھارتی فوج نے رواں ماہ کے آغاز میں پاکستانی فوجیوں پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے دو بھارتی فوجیوں کو نہ صرف قتل کر دیا تھا بلکہ ان کی لاشوں کی بے حُرمتی بھی کی تھی تاہم اسلام آباد حکومت نے ایسی کسی بات کی تردید کی تھی۔

گزشتہ برس دونوں ہمسایہ ممالک کی فوجوں کے درمیان جنگ بندی لائن پر کافی جھڑپیں ہوئیں جو 2003ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کے بعد شدید جھڑپوں میں شمار ہو سکتی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلم اکثریتی خطے کشمیر کے معاملے پر برصغیر کی تقسیم کے فوری بعد سے ہی کشیدگی جاری ہے۔ دونوں ممالک اس مسئلے پر دو بار جنگ بھی لڑ چکے ہیں۔ بھارتی زیرانتظام کشمیر میں بھارت سے علیحدگی کی مسلح کوششیں 1989ء سے جاری ہیں اور بھارتی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور علیحدگی پسندوں سے جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 70 ہزار سے زائد کشمیری ہلاک ہو چکے ہیں۔