کرپٹ بیورو کریٹس اور سیاست دان پاکستان کی تعلیمی ترقی میں رکاوٹ ہیں: صہیب الدین کاکا خیل

Lahore

Lahore

لاہور: ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ سید صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ کرپٹ بیورو کریٹس اور سیاست دان پاکستان کی تعلیمی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ناکامی پالیسیاں چند مخصوص افراد کی تجوریاں بھر رہی ہیں جن سے قومی خزانے کو ٹیکہ لگایا جارہا ہے۔ معاشی اور اقتصادی خود مختاری بہتر معیار تعلیم اور شرح خواندگی کی بہتری کے بغیر حاصل کرنا ناممکن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹوڈنٹس میگا فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بنائے گئے ملینم ڈویلپمنٹ گولز کے مطابق 2030ء تک دنیا بھر میں شرح خواندگی سو فیصد کی جائے گی۔

پاکستان میں موجودہ بجٹ اور ترجیحات کے مطابق پاکستان 2095 تک ہی سو فیصد شرح خواندگی کا ہدف حاصل کر سکے گا۔ اس وقت تعلیم، معیشت ، تجارت اور صحت کے میدان میں پاکستان دنیا کے ممالک سے ساٹھ سال پیچھے ہے۔پاکستان میں اخبار کی دو سطور پڑھ لینے والے افراد کو خواندہ تصور کیاجاتا ہے اس کم ترین معیار کے باوجود پاکستان کی شرح خواندگی پچاس فیصد ہے اور دنیا کے 162 ممالک میں شرح خواندگی میں پاکستان کا 146 واں نمبر ہے۔کاکا خیل کا مزید کہنا تھا کہ آئین پاکستان ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ پانچ سے سولہ سال تک شہریوں کو مفت تعلیم کی سہولیات فراہم کرے۔

مگر اس وقت پاکستان میں اڑھائی کروڑ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں اور جو تعلیم حاصل کرتے ہیں ان کا محض آٹھ فیصد کالجز جبکہ دو فیصد یونیورسٹیز تک پہنچ پاتا ہے۔پاکستان کا تعلیم حاصل کرنے کے مقاصد ڈگری اور نوکری حاصل کرنا رہ گئے ہیں۔ حقیقی مقاصد کے لئے نصاب تعلیم پر نظر ثانی وقت کی اہم ضرورت ہے۔تعلیم کے حصول سے طلبہ وطالبات میں مثبت تبدیلی آنی چاہئے جو کہ ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔ناظم اعلیٰ جمعیت کا مزید کہنا تھا کہ آگے بڑھنے کی لگن اور صلاحیتیں ہی قیادت کا معیار ہیں، وہی قومیں تعلیمی میدان میں ترقی کر سکتی ہیں جو تعلیمی میدان میں قائدانہ کردار ادا کرتی ہیں۔