کرپشن و گھپلے کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں‘ ایم آر پی

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی قیادت اور قوم دونوں ہی اس بات سے بہر طور واقف ہیں کہ توانائی بحران کی وجہ سے نہ صرف عوام شدید پریشانی و اذیت سے دوچار ہیں بلکہ ذرعی اور صنعتی پیداواری عمل متاثر ہونے سے نہ صرف مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ملک معاشی بدحالی اور خانہ جنگی کی جانب بھی بڑھ رہا ہے اسلئے توانائی کے شعبے میں کرپشن و گھپلے کرنے والے حقیقی معنوں میں ملک و قوم کے دشمن ہیں اور سپریم کورٹ کو اس سلسلے میں ازخود نوٹس لیکر توانائی کے شعبے میں گھپلے و کرپشن کرنے والوں کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمات چلانے چاہئیں۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے آڈیٹر جنرل کی جانب سے جاری کردہ 2013-14 کی آڈٹ رپورٹ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف توانائی کے شعبے میں قوم کے 980 ارب روپے ڈکار کر قوم کی تقدیر میں اندھیرے لکھنے والوں کی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیدادواثاثوں کوبحق سرکار ضبط کیا جائے اور ان کی آنے والی سات نسلوں کو سرکاری ملازمت اور ہر طرح کی سیاست کیلئے تاحیات نا اہل قرار دیکر نشان عبرت بنایا جائے۔

جبکہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین سے وصولی یقینی بنانے کیلئے گھریلو صارفین کو اقساط کی سہولت فراہم کی جائے جبکہ کمرشیل وصنعتی صارفین کو تین ادائیگی کیلئے تین ماہ کی مہلت دی جائے اور بعد از مہلت بل ادا نہ کرنے والوں اور بجلی چوروں کو گرفتار کرکے ان پر ذاتی مفادات کیلئے ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کے مقدمات چلائے جائیں تاکہ قوم کے دکھوں کا کچھ ازالہ اور مداوا ممکن ہوسکے اورا س ملک و قوم کو بجلی چوروں ‘ بل ادانہ کرنے والوں اور کرپشن کے ذریعے ملک و قوم کی جڑیں کھوکھلی کرنے والوں سے نجات مل سکے۔