کرپشن سے معاشرے کھوکھلے ہوجاتے ہیں،کرپشن کے خاتمہ کے لیے خود احتسابی اولین شرط ہے،ایم اے تبسم

MA Tabassum

MA Tabassum

لاہو: کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کہا ہے کہ کرپشن سے معاشرے کھوکھلے ہوجاتے ہیں۔ کرپشن کے خاتمہ کے لیے خود احتسابی اولین شرط ہے اور خود احتسابی کرنے والی اقوام پوری دنیا پر حکومت کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم انسداد کرپشن و رشوت ستانی کے موقع پردی حمزہ ایجوکیشنل سکول سسٹم غازی روڈمیں منعقدہ ایک سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا۔

اس موقع پر پرنسپل دی حمزہ ایجوکیشنل سکول سسٹم رائومحمدعظیم،عمرشفیق ملک،سیدزاہدحسین شاہودیگر بھی موجود تھے۔ ایم اے تبسم نے کہا کہ کرپشن تقریبات اور سیمینار ز سے ختم نہیں ہوگی بلکہ عملی اقدامات اپنی زندگیوں پر رائج کرنے ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ شیطان کے وسوسوں سے انسان کرپشن کے جواز پیدا کرتا ہے جس سے دلوں پر مہر لگ جاتی ہے۔ اپنی اولاد کی حلال رزق سے پرورش کریں تاکہ اللہ کی مدد و نصرت آپ کے شامل حال رہے۔

ایم اے تبسم نے کہا کہ کرپشن غربت یا مسائل کی وجہ سے نہیںبلکہ ایک بری عادت کی طرح پنپ رہی ہے۔ کرپشن میں مبتلا شخص لالچ کا شکار ہوتا ہے اور رشوت لینے و دینے والا شخص بزدل ہوجاتا ہے، طاقت کا غلط استعمال ، قانون کی خلاف ورزی ، سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کے لیے بددیانتی اور کردار سازی کا فقدان ہمارے ملک میں کرپشن کی اہم وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کے لیے نسل نو کی درست خطوط پر تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو گھروں اور تعلیمی اداروں میں کرپشن کے خلاف نصابی تعلیم دی جائے اور انہیں خود احتسابی کے جذبے سے آگہی دی جائے تاکہ نئی نسل ایک اچھے معاشرے کی داغ بیل ڈال سکے۔