بددیانتی و لقمہ حرام نے قوم کا مستقبل غیر محفوظ بنادیا ہے ‘ امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بلوچستان کے علاقے میں مستونگ میں ہونے والی دہشتگردی کی واردات کی مذمت کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی ‘ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر سلیمان راجپوت ‘ نائب صدر یونس سایانی ‘ جنرل سیکریٹری راجہ انوار ایڈوکیٹ ‘فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ کراچی ڈویژن کے صدر اقبال چاند ‘ شعبہ خواتین کی رہنما میڈم انیتا ‘ میڈم تبسم ناز و دیگر رہنماوں نے دہشتگردوں کے ہاتھوں 22 افراد کو کوچ سے اتارکر پہاڑ کے پیچھے لیجاکر گولیاں مارنے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مستونگ ‘ سانحہ صفورہ کا ری میک شوٹ ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگرد سیکورٹی اداروں سے زیادہ طاقتور ‘با اثر ‘ منظم ‘ فعال اور اپنے مقصدسے دیانتدار ہیں گوکہ ان کا مقصد قتل وغارت اور استحکام پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔

جس کی کسی طور تائید و حمایت نہیں کی جاسکتی اگر اپنے فرض و مقصد سے اتنی ہی دیانتداری ہمارے سیکورٹی اداروں ‘ اہلکاروں اور حکمرانوں میں پیدا ہوجاتی تو آج پاکستان دنیا کی سب سے زیادہ مستحکم و ترقی یافتہ مملکت ہوتی مگر افسوس کہ یہاں کوئی بھی نہ تو اپنا فریضہ دیانتداری سے ادا کررہا ہے اور نہ ہی رزق کو حلال کرکے کھارہا ہے جس کی وجہ سے قوم اور ملک دونوں کا ہی مستقبل غیر محفوظ ہوچکا ہے۔