بھارت سمیت 4 ممالک کا سارک انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت سے انکار

SAARC

SAARC

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت سمیت چار ممالک نے یکم جون 2015 کو پاکستان میں ہونے والی سارک انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے جس کے باعث سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام دو جون کو پاکستان میں بلایا جانے والا سارک انویسٹمنٹ کونسل کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ سارک انویسٹمنٹ کونسل کا اجلاس طے شدہ شیڈول کے مطابق اس سال پاکستان میں ہونا تھا جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے لیکن بھارت، بنگلہ دیش،بھوٹان اور مالدیپ نے سارک انویسٹمنٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے جس کے باعث کونسل کا کورم پورا نہیں ہوسکا اور کورم پورا نہ ہونے کے باعث یہ کانفرنس ملتوی کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سارک انویسٹمنٹ کونسل کے اجلاس کے لیے آٹھ سارک ممالک میں سے پانچ ممالک کی شمولیت لازمی ہوتی ہے اور اگر پانچ ممالک کی شرکت نہ ہو تو کورم پورا نہیں ہوتا اور کورم پورا کیے بغیر سارک انویسٹمنٹ کونسل کا اجلاس نہیں ہوسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت مذکورہ ممالک نے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو جواز بناکر کونسل کے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوجون کو سارک چیمبر آف کامرس کے تحت پاکستان میں بلائی جانے والی سارک انویسٹمنٹ کونسل کے اجلاس میں سارک ممالک سے سو کے لگ بھگ سرمایہ کاروں و صنعتکاروں نے شرکت کرنا تھی۔ یہ اجلاس سارک ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے۔

اس سے قبل اس کونسل کا اجلاس بھارت میں منعقد ہوچکا ہے اور اب یہ اجلاس دو جون سے پاکستان میں شروع ہونا تھا جو کہ مذکورہ ممالک کی جانب سے شرکت سے معذرت کرنے پر ملتوی کردیا گیا ہے۔