تحریک لبیک یارسول اللہ کی اپیل پر جمعة المبارک کو ملک بھر اور آزاد کشمیر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے

Protest

Protest

گجرات + لاہور + اسلام آباد: برما کے مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کیخلاف تحریک لبیک یارسول اللہ کی اپیل پر جمعة المبارک کو ملک بھر اور آزاد کشمیر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جبکہ اجتماعات جمعہ میں خطباء اسلام نے برما کے مسلمانوں پر تشدد و بربریت پر اقوام عالم کی خاموشی اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی شدید مزمت کی۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے بانی وسرپرست پیر محمد افضل قادری نے جی ٹی ایس چوک گجرات میں بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر مظالم بند کئے جائیں اور پاکستان فی الفور او آئی سی کا اجلاس طلب کرے اور ظلم وبربریت کے ذمہ داران کیخلاف تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں ظلم وفساد روکنے کیلئے جہاد کا حکم دیا گیا ہے۔

پیغمبر اسلام ۖنے اپنی حیات ظاہرہ میں کفار کے مظالم ودہشت گردی کی روک تھام کیلئے 27غزوات اور 47سریات کی صورتوں میں اقدامات کئے جسکے نتیجے میں جزیرة العرب میں امن وسلامتی کا دور دورہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر ،فلسطین ،شام ،یمن اور بالخصوص برما کے مسلمانوں حتی کہ خواتین اور بچوں پر جو ناقابل بیان مظالم ڈھائے جارہے ہیں اس کی وجہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی جہاد فی سبیل اللہ سے دوری ہے۔ اس موقع پر علامہ شاہد چشتی، مفتی عبد الرحمن نعیمی، علامہ ابوتراب بلوچ، مولانا مظفر حسین طیب، علامہ تلاوت خان، مولانا اسرار عباسی، پیر اکرم دیوانہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ایک قرار دار کے ذریعے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی کیخلاف افواج پاکستان کی جراتمندانہ پالیسی پر پاک افواج کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ برما کے مظلوم مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلانے کیلئے بھی مؤثر ترین اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایک قرار داد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ وزارتِ دفاع کا نام وزارت جہاد رکھا جائے اور ترکی سمیت ہم خیال مسلم ممالک کا ایک اتحاد قائم کرکے بلاد اسلامیہ میں مظالم بند کر ائے جائیں اور کشمیر آزاد کرایا جائے۔

ایک قرار داد کے ذریعے پاکستان میں نظریہ پاکستان کے مطابق نظام مصطفیۖ کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں لادینیت والحاد ،تباہ کن ،فحاشی ،سودی معیشت کا قلع قمع کیا جائے اورنصابیات میں اسلام کی بالا دستی بحال کی جائے ۔ ایک قرار داد میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ محمد بن قاسم، سلطان صلاح الدین ایوبی اورٹیپوسلطان جیسے بہادر سلاطین اسلام کے سچے پیروکاروں کو برسر اقتدار لائیں اور پاکستان میں تحریک لبیک یارسول اللہ کی حکومت قائم کریں تاکہ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست اور دین کا قلعہ بنایا جائے۔

جاری کردہ: شعبہ نشر واشاعت تحریک لبیک یارسول اللہ