ملک سے کرپشن کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے، چیئرمین نیب

Qamar Zaman Chaudhry

Qamar Zaman Chaudhry

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں گلگت بلتستان میں نیب کے ذیلی دفتر کے امور کو بہتر بنانے کیلیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی نیب راولپنڈی اسلام آباد نے چیئرمین نیب کو اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ نیب کا گلگت بلتستان ذیلی آفس 2005 میں قائم کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں اینٹی کرپشن کا کوئی صوبائی یا علاقائی سیٹ اپ موجود نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں نیب کے ذیلی دفتر میں حال ہی میں 3 آفیسرز بمعہ معاون سٹاف اور لاجسٹک سہولتیں تعینات کئے گئے ہیں۔

مزید برآں سب آفس گلگت بلتستان میں پولیس اسٹیشن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کا عزم کئے ہوئے ہے، گلگت بلتستان میں نیب کا ذیلی دفتر اہمیت کا حامل ہے۔ چیئرمین نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں نیب کے ذیلی دفتر کو مضبوط بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے ڈی جی کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر خود گلگت بلتستان کا دورہ کریں اور گلگت بلتستان اور سکردو میں نیب کے ذیلی دفاتر کے امور کی مناسب انجام دہی کو یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامی معاملات کے حل کیلیے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کریں۔