ملک میں کرپشن اور دہشتگردی کا مکمل صفایا کرکے رہیں گے: جنرل راحیل شریف

Raheel  Sharif

Raheel Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ وہ ملک میں کرپشن اور دہشتگردی کا مکمل صفایا کرکے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں حاصل کامیابیوں کومستحکم کررہے ہیں ۔ہرقسم کے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام پیپلزلبریشن آرمی(پی ایل اے) کی 89 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور خطے کے لیے گیم چینجر ہے جس سے 10کروڑ لوگوں کی زندگی میں واضح بہتری آئے گی۔ انسانیت کی اجتماعی بھلائی کی خاطرچین اور پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شراکت دار ہیں ۔ دہشتگردی اور

انتہاپسندی کی لعنت کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے وسیع تر علاقائی تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ خطے میں پائیدارامن اوراستحکام آسکے۔ پاک آرمی اور عوام کوچین کے ساتھ اپنی دوستی کے رشتوں پرفخر ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے اس تقریب سے خطاب کو اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ موقع چین کے بہادر عوام کی جانب سے اپنے خواب کی تکمیل کیلئے دی گئی بڑی قربانی کی یاددلاتا ہے جس نے ایک شاندارمثال قائم کی۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس موقع پر چیئرمین ژی جن پنگ، جنرل وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن فان چنگلانگ اور چیف آف جوائنٹس سٹاف جنرل فنگ ہوئی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔