ملک ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے : شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کالاشاہ کاکو میں پاکستان میں گاڑیوں کی چیکنگ اور سرٹیفکیشن کے پہلے جدید ترین نظام وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (VICS) کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ نے نئے نظام کے افتتاح کے بعد کالاشاہ کاکو میں سٹیشن کا دورہ کیا، گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کے نظام اور گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کے تمام مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سویڈن کے معروف بین الاقوامی ادارے اوپس کے تعاون سے سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے یہ جدید ترین نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھایا جائے گا۔ اس نظام سے گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں کمی آئے گی۔

پنجاب حکومت نے بہت بڑا پروگرام شروع کیا ہے۔ 2017ء کے اختتام تک پنجاب میں مجموعی طور پر 39 وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کے تحت سٹیشن قائم کئے جائیں گے، لاہور میں اس ضمن میں 3 سنٹر قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفرشروع ہو چکا ہے تو دھرنے دینے والے ایک بار پھر بلوں سے باہر نکل آئے ہیں، خدانخوانستہ قوم کی قسمت کھوٹا کرنے کے درپے ہیں۔

آزاد کشمیر کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد دھرنے والے ہوش کے ناخن لیں اور صبر کریں۔ 2018ء کے الیکشن زیادہ دور نہیں، تب عوام کے ووٹ کے ذریعے فیصلہ ہو جائے گا۔