ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشیں جاری، اتوار سے جمعرات تک مزید ابر کرم برسے گا

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، سندھ بھر میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسم کا حال بتانے والوں نے اتوار سے جمعرات تک مزید بارشوں کی نوید سنا دی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں مینہ برسنے سے موسم خوشگوار ہے تاہم شہر بے مثل میں سورج کرنیں بکھیر رہا ہے۔ راولپنڈی میں بھی مطلع صاف اور موسم قدرے برہم ہے۔

لاہور میں گزشتہ روز کی تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے، داتا کی نگری میں آج سارا دن دھوُپ چھاؤں کا کھیل رہے گا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج رات کے اوقات میں تیز ہوا چلنے کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنائی گئی ہے۔ وسطی بھارت سے ہوا کے کم دبائو کا سسٹم 27 جولائی کو سندھ میں داخل ہوگا۔

اس سسٹم کے تحت 28، 29 جولائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارش ہوگی۔ دوسری طرف اگلے تین روز کے دوران مزید مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث اتوار سے منگل کے دوران اکثر مقامات پر بارش جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

انہیں مون سون ہواؤں کے زیر اثر سوموار سے جمعرات کے دوران سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں اکثر مقامات پر ہلکی جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔