پورے ملک کی طرح ضلع بدین میں بھی جشنِ آزادی جوش اور ولولے سے منایا گیا

Badin Jashn e Azadi Function

Badin Jashn e Azadi Function

بدین (عمران عباس) پورے ملک کی طرح ضلع بدین میں بھی جشنِ آزادی کا دن پورے جوش اور ولولے سے منایا گیا، مرکزی تقریب کا انعقاد ضلعی ہیڈکواٹر بدین میں ڈی سی آفیس کے سامنےکیا گیا ،بدین کے ایم این اے کمال خان چانگ ،ایم پی اے شہید فاضل راہو (گولاڑچی)محمد نواز چانڈیو، ڈپٹی کمشنر بدین محمد رفیق قریشی اور ایس ایس پی بدین ابرار حسین نیکوکارانے پرچم کشائی کرکے تقریب کا آغاز کیا۔

تلاوت کلام پاک کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی بدین ابرار حسین نیکوکارا نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت جو قانون چل رہا ہے یہ قانون ہمیں انگریزوں سے ملا ہے اس لیئے انگریز ہمارے محسن بھی ہیں ، انہوں نے کہا کہ گذشتہ 70 برسوں میں پاکستان نے بہت ترقی کی ہے اور ہمیں بھی اسی ترقی کی راہ پر چلتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیئے ، ایم این اے کمال خان چانگ کہا کہ قائداعظم نے جدوجہد کرکے ہمیں یہ ملک کا تحفہ دیا ، انہوں نے کہا کہ اس ملک کی پہلی قرارداد بھی حکومت سندھ نے پاس کی اس لیئے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں سندھ کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو حالات آج سے 30 سال قبل تھے وہ حالات اب نہیں رہے ، پہلے سیاست دان یا لیڈر ایک بھی محافظ اپنے ساتھ نہیں لے کر چلتے تھے لیکن اب ان کے ساتھ محافظوں کا ایک جتھا ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس ملک کی ترقی کے لیئے کام کرنا پڑیگا، ایم پی اے محمد نواز چانڈیو نے کہا کہ آج بہت بڑی خوشی کا دن ہے اور بلخصوص پاکستانیوں کے لیئے عید کا دن ہےاس دن پر ہمیں آزادی ملی، انہوں نےکہا کہ ہمارے بزرگوں نے اپنی جان و مال کی قربانیاں دیکر ہمیں یہ ملک دیا ہے جس کی ترقی کے لیئے ہمیں دن رات کام کرنا پڑیگا۔

تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر بدین محمد رفیق قریشی نےتقریب میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ملک کر یہ عہد کرنا پڑیگا کہ اس ملک کی ترقی کے لیئے کام کرنا ہے انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ ہمارے ملک کامستقبل روشن ہے ، تقریب میں شہر کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیئے ،تقریب میں اے ڈی سی ٹو غلام قادر جونیجو، سول سرجن ڈاکٹر کوثر میندھرو، انفارمیشن آفیسر سوائی خان چھلگری، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نجف اقبال، ٹی ایم او کے چیف آفیسر انجینئر ذوالفقار میندروکے علاوہ صحافیوں، شہریوں اور بچوں نےبھی بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب کے بعد ڈی سی بدین، ایس ایس پی بدین، ایم این اے اور ایم پی ایز نے اپنے ہاتھوں سے سول اسپتال کے مریضوں اور ڈسٹرکٹ جیل بدین کے قیدیوں میں فروٹ اور مٹھایاں تقسیم کیں۔

علاوہ زین شہر میں مختلف مقامات پر جشن آزادی کی تقریبات ہوئیں جن میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول غریب آباد بدین کے بچوں نے اسکول میں ملی نغمے اور ٹیبلوز پشی کیئے ، اس موقع پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس نے آزادی کے حوالے سے تقریر کی ، جب کے 68 سال سے پاکستانی ہوٹل پرہونے والا جشن آج بھی منعقد کیا گیا چاچا پاکستانی کے بڑے بیٹے نے ہوٹل پر مٹھایاں تقسیم کی اور شہر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔