جس ملک کی معیشت مضبوط ہوتی ہے اس ملک کی فوج مضبوط ہوتی ہے: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت کی جانب سے رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کا اعلان کر دیا گیا ، وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ جس جزبے سے تاجر ٹیکس ادائیگی کے لیے مائل ہوئے ہیں اسی جزبے سے ملک میں غربت ، بے روزگاری اور دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ان کا کہنا تھا کہ جس ملک کی معیشت مضبوط ہوتی ہے اس ملک کی فوج مضبوط ہوتی ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ جس ملک کی معیشت کمزور ہوتی ہے وہاں مسائل پنپتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے ٹیکسوں کو اس حد تک کم کیا جائے کہ لوگ خوشی سے ٹیکس دیں اور ہماری کوشش ہے کہ تمام معاملات کو ایمانداری اور مشاورت کے ساتھ طے کریں۔

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر بنائی ہے اس اسکیم مقصد ہے کہ تاجر بلاخوف قومی خزانے میں ٹیکس جمع کرائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سکیم کو قومی اسمبلی میں پیش کر کے قانون کی شکل دے دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ تاجروں کی مدد سے ہم آئندہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی تعداد مزید 10 لاکھ بڑھا کر 20 لاکھ تک پہنچائیں گے۔