یہ ملک تمہارا ملک نہیں یہ ملک ہمارا ملک بھی ہے

اس ملک کی آزادی کے لیے ہم نے بھی جان گنوائی ہے
سولی پہ ہم بھی جھولے ہیں ، ہم نے بھی گولی کھائی ہے

جب وقت پڑا اپنے خوں سے دھرتی کی مانگ سجائی ہے
نفرت کے دیپ بجھائے ہیں الفت کی شمع جلائی ہے

یہ ملک تمہارا ملک نہیں یہ ملک ہمارا ملک بھی ہے
گجرات کی گلیوں میں ہم کو اس الفت کا انعام ملا

اور خواجہ جی کی چوکھٹ پر دہشت کا اک پیغام ملا
مالیگائوں، مکہ مسجد اور ممبئی میں کہرام ملا

کیا خوب کرشمہ ہے تیرا ہر قتل میں میرا نام ملا
یہ ملک تمہارا ملک نہیں یہ ملک ہمارا ملک بھی ہے

ہم رحمتِ عالم کی امّت ہیں امن ہماری فطرت ہے
ہے عفو و کرم شیوہ اپنا، اخلاق ہماری عادت ہے

لیکن ضد پر آجائیں تو ہر لحظہ ایک قیامت ہے
تم موت سے ڈرتے ہو جتنا ہم کو اتنی ہی الفت ہے

یہ ملک تمہارا ملک نہیں یہ ملک ہمارا ملک بھی ہے
نفرت کے ٹھیکیداروں تک پیغام صبا کا پہنچا دو

خاموش ہیں ہم بے ہوش نہیں یہ نکتہ ان کو سمجھا دو
جو دہشت گرد کہے ہم کو آئینہ اُس کو دکھلا دو

اب ظلم کا دفتر بند کرو یہ مصرعہ گھر گھر پھیلا دو
یہ ملک تمہارا ملک نہیں یہ ملک ہمارا ملک بھی ہے

Kamran Ghani

Kamran Ghani

تحریر : کامران غنی صبا، مدیر اعزازی اردو نیٹ جاپان