چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے دی

Hockey Team

Hockey Team

ہوبارٹ (جیوڈیسک) آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے 4 ملکی ٹورنامنٹ میں پہلے 2 میچز میں مسلسل شکست کے بعد گرین شرٹس نے بالآخر پہلی کامیابی جنوبی کوریا کو 1-4 سے شکست دے کر حاصل کر لی ہے۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے اپنے تیسرے میچ میں گرین شرٹس نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور کھیل کے ابتدا سے کورین گول پوسٹ پر حملے شروع کردیئے تاہم پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی لیکن دوسرے کوارٹر کے شروع ہوتے ہی گرین شرٹس نے تیز رفتار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے 3 گول کر کے کورین ٹیم کوحیران کر دیا۔

کھیل کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول داغا اور یوں پاکستان نے میچ 1-4 سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد دلبر نے 2، عمر بھٹہ اور محمد عرفان نے ایک ایک گول کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے دونوں میچز میں پاکستان کو آسٹریلیا اور آسٹریلیا اے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ پاکستان اپنے اگلے میچ میں 7 مئی کو نیوزی لینڈ کے مد مقابل ہوگا۔