ملک بھر میں 400 مدارس دہشت گردی میں ملوث ہیں، خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کے 300 سے 400 مدارس کی دہشت گردی میں ملوث ہیں جن کے شواہد حکومت کے پاس ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک بھرمیں 28 ہزار سے زائد مدارس ہیں جن کی اکثریت دین کی خدمت کا کام سرانجام دے رہی ہے تاہم ان میں سے 300 سے 400 مدارس کی دہشت گردی میں ملوث ہیں جن کے شواہد حکومت کے پاس ہیں۔

چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے ان ہی مدارس کے بارے میں بات کی تھی لیکن ان کی بات پر بعض مذہبی حلقوں کی طرف سے فتوے آئے اور ان کے خلاف بینر لگ گئے، اس کے علاوہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں تحاریک التوا بھی آئی ہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ ہم ماضی میں کئے گئےغلط فیصلوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ماضی میں دہشت گردی کی جنگ میں شرکت کے لیے ہم نے اپنا نصاب اور تاریخ تک تبدیل کردی، پاکستان وہ ملک ہے جہاں مساجد اور نمازیوں کی سیکیورٹی کے لئے گارڈر رکھنے پڑتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز رشید کے بیان کے معاملے کو بڑھانے سے معاملات خراب ہوں گے، اسلام امن اور محبت کا درس دیتا ہے اورہم بہت زخم کھا چکے ہیں لہٰذا ہمیں اپنی سوچ میں اعتدال لانا ہوگا۔