ملک میں موجود دہشت گردوں کو بیرونی خفیہ ایجنسیاں فنڈز فراہم کررہی ہیں، سربراہ پاک فوج

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے ملک میں دہشت گردوں کے ہمدرد موجود ہیں جو انہیں پناہ فراہم کرتے ہیں جب کہ ان دہشت گردوں کو بیرونی خفیہ ایجنسیاں فنڈز فراہم کررہی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں قومی سلامتی کے امور اور ملک میں اندرونی و بیرونی خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ کانفرنس میں ملک کی اندرونی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغان مفاہمتی عمل کا جائزہ لیا گیا اور پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس کے دوران آپریشن کے نتیجے میں قبائلی متاثرین کی باعزت و بروقت ان کے گھروں کو واپسی بھی زیر بحث آئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ملک کے اندر دہشت گردوں کے سہولت کار اور ہمدرد موجود ہیں جو انہیں تحفظ اور پناہ فراہم کرتے ہیں جب کہ بیرونی خفیہ ایجنسیاں ان دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے منظم اور ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے، ملک میں پائیدار امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان میں دیرپا امن کے لیے انتہائی پر امید ہوں، ہم پاک سرزمین کو دہشت گردوں سے صاف کریں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک پیچیدہ جنگ ہے، دہشت گردی کے خلاف متحد اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے جب کہ اس کے خلاف کامیابی کے لیے متحدہ رد عمل درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی ہمت، مزاحمت اور فورسز کی پیشہ وارانہ اہلیت ہی ہمارا حقیقی اثاثہ ہے، ہم جنگ سے متاثرہ علاقوں کی سماجی و اقتصادی بحالی اور خوشحالی کو یقینی بنائیں گے۔