ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے حکمران صرف دعوئوں سے کام چلا رہے ہیں۔ رانا سیف خالد

PPP

PPP

فیصل آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رانا سیف خالد نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے حکمران صرف دعوئوں سے کام چلا رہے ہیں مگر وہ یاد رکھیں کہ صرف دعوئوں سے بحرانوں کو ٹالا نہیں جاسکتا اس کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں۔

مہنگائی کو لگام ڈالنے کے دعویدار حکمران زمینی حقائق بھی جانچیں تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ حالات کیا ہیں ،غربت اور بیروز گاری بڑھنے کے نتیجہ میں عام آدمی کی نوبت فاقوں تک آچکی ہے ،جب تک مہنگائی کو حقائق کے مطابق قابو میں نہیں لایا جاتا اس وقت تک لوگوں کا معیار زندگی بلند نہیں ہوسکتا۔

انہوںنے کہا کہ 70ہزار کے قریب سیکورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف میں لگاکر میچ کروانا کوئی کامیابی نہیں ،اگر صوبائی حکمران صرف 100اہلکار لگاکر میچ کرواتے تو حقیقی معنوں میں یہ دہشت گردوں کو شکست ہوتی۔

اصل بہادری تو غیر ملکی کھلاڑیوں نے دکھائی جو شدید ترین خطرات کے باوجود پاکستان کھیلنے آگئے جبکہ بزدلی انہوںنے دکھائی جو ہیلی کاپٹر پر سیکورٹی کا فضائی جائز ہ لینے کے بعد اسلام آباد سدھار گئے۔

کیا ہی اچھا ہوتا اگر وزیر اعظم خود اسٹیڈیم آتے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو ملکر ان کا حوصلہ بڑھاتے مگر کیسے یہ کام تو بہادر کرتے ہیں بزدل تو ڈر کے مارے مسجد کا رخ نہیں کرتے اور گھرمیں ہی نماز پڑھ لیتے ہیں