رمضان کی 27 ویں شب، ملک بھر کی مساجد میں عبادات

 Shab e Qadar

Shab e Qadar

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر کی مساجد اور گھروں میں رمضان المبارک کی ستائیس ویں شب کی خصوصی عبادات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی مساجد میں ختم القرآن کی تقاریب ہوئیں۔

رمضان المبارک کی 27 ویں شب پر ملک بھر میں خصوصی عبادات اور نوافل ادا کیے جارہے ہیں جب کہ اس موقع پر مساجد کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے بھی سجایا گیا ہے۔

افضل ترین رات یعنی لیلتہ القدر کی تلاش کے لئے آج خصوصی طور پر مساجد میں عبادات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں ختم قرآن مجید کی سعادت حاصل کی گئی جس کے بعد علمائے کرام نے اپنے خطبات میں شب قدر کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔

ملک کے مختلف حصوں میں 27 ویں کی شب کو مسلمان رب ذوالجلال کی نعمتوں اور رحمتوں کی دعائیں کرنے کے علاوہ اس ذات عظیم کا قرب حاصل کرنے کے لئے رات بھر خصوصی نوافل ادا کرتے ہیں۔

مساجد اور گھروں میں خصوصی طور پر محافل شبینہ بھی سجائی اور ملک کی مختلف مساجد میں صلاۃ التسبیح کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔