پی او ایف ملک کا واحد ادارہ ہے جہاں ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بے شمار سکیمیں جاری ہیں

Pof Taxila

Pof Taxila

ٹیکسلا (ڈاکٹرسید صابر علی /تحصیل رپورٹر) پی او ایف ملک کا واحد ادارہ ہے جہاں ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بے شمار سکیمیں جاری ہیں جن میں ایک منفرد سکیم طلبا و طالبات کو ان کے تعلیمی کیئریئر میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر وظائف کی تقسیم ہے جس کا بنیادی مقصد ان ہونہار طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی ہے تاکہ مستقبل میں وہ مزید محنت سے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری)چیئرمین پی او ایف بورڈ نے پی او ایف ملازمین کے بچے اور بچیوں جنہوں نے تعلیمی سال2014-2015میں نمایاں پوزیشن حاصل کیںوظائف کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر کیا۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے کہا کہ طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کی مشترکہ اور اولین ذمہ داری ہے کیونکہ نئی نسل نے ہی آگے چل کر اس ملک کا نظم و نسق سنبھالنا ہے ہم جتنے اچھے طریقے سے ان کی رہنمائی اور تعلیم و تربیت پر توجہ دیں گے۔

اس کے نتائج یقینا بہت مثبت اور اچھے ہوں گے۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ بچوں کو تعلیم کی جانب زیادہ سے زیادہ راغب کریں تاکہ ملک و قوم کے لیے ایک تعلیم یافتہ نسل تیار کی جا سکے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن بریگیڈیئر ذکی رحمان میر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پی او ایف انتظامیہ کی جانب سے 11مختلف سکیموں کے تحت نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے پی او ایف کے حاضر سروس ملازمین کے بچے بچیاں، پی او ایف کے ملحقہ اداروں کے بچے بچیاں، ریٹائرڈ پی او ایف ملازمین کے بچے بچیاں، میڈیکل وانجینئرنگ میں تعلیم حاصل کرنے والے پی او ایف ملازمین کے بچے بچیاںاور تین سالہ ڈپلومہ کی تعلیم حاصل کرنے والے 350طلبا و طالبات میں43لاکھ 17ہزار روپے مالیت کے وظائف تقسیم کیے گئے ہیں۔ چیئرمین پی او ایف بور ڈنے شعبہ ویلفیئر کے منتظمین کو تقریب کے عمدہ انعقاد پر مبارکباد دی۔ بعد میں چیئرمین طلبا و طالبات اور ان کے والدین میں گھل مل گئے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں بہتری کے حوالے سے ان کی جانب سے دی جانے والی مثبت تجاویز پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ڈاکٹر سید صابر علی تحصیل رپورٹر ٹیکسلا
موبائل نمبر0300
-5128038