ملک کو صرف جاتی امرا کے شیخ مجیب الرحمان سے خطرہ ہے۔ آصف علی زرداری

 Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کا سفر پورا نہ کرنے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے، جب چاہیں حکمرانوں کو نکال سکتے ہیں، دیر نہیں لگے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے کہا کہ مجھے مجیب الرحمان بنایا جا رہا ہے، حالانکہ ان کے ساتھ تو ابھی کچھ بھی نہیں ہوا، نقصان تو ہمارا اور ڈاکٹر طاہر القادری کا ہوا ہے، قربانیاں تو پی پی پی اور پیٹ کے رہنماؤں اور کارکنان نے دی ہیں، ملک کو خطرہ صرف جاتی امراء سے ہے، ہم نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا جبکہ انہوں نے ملک کو مقروض کر دیا ہے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ یہ ہمیں مجبور کر رہے ہیں کہ ہم جمہوریت کا سفر پورا نہ کریں، میں صرف پاکستان کا سوچتا ہوں، پاکستان نے ابھی بہت سفر طے کرنا ہے، ہمیں آنے والی نسلوں کے بارے میں سوچنا ہو گا، نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے 500 ووٹ لئے، جب انہیں ڈپٹی سپیکر بنایا گیا تب یہ بات یاد نہیں آئی تھی؟

آصف زرداری نے مزید کہا کہ نواز شریف مجیب الرحمان کی سوچ رکھتے ہیں، ضیاء الحق کی باقیات کا آج بھی مقابلہ کر رہے ہیں۔ میں جب چاہوں ان کو نکال سکتا ہوں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف لے کر رہیں گے۔ زینب بیٹی کا بھی انصاف لے کر رہیں گے۔