ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار، بارشوں کا سلسلہ تین روز جاری رہے گا

Weather

Weather

لاہور/ اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں ساون کے بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے دو سے تین روز کے دوران مون سون بارشوں کا سلسلہ اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، فاٹا اور بالائی خیبر پختونخوا میں کم شدت کے ساتھ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

شہر اقتدار اسلام آباد میں سورج کرنیں بکھیر رہا ہے ، آج اسلام آباد، راولپنڈی میں موسم خشک اور گرم ہے۔داتا کی نگری لاہور میں بادلوں اور سورج کے درمیان انکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ، شہر کے بعض حصوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔ کراچی میں شام یا رات کو بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

بالائی سندھ اور زیر یں سندھ میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں موسم گرم ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ اگلے دو روز تک اسلام آباد ، راولپنڈی ، کشمیر ، بالائی پنجاب ، فاٹا اور بالائی خیبر پختونخوا میں کم شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔