ملک میں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، درست کرنے میں وقت لگے گا، چوہدری نثار

Nisar Ali Khan

Nisar Ali Khan

راولپنڈی / کلرسیداں (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہاہے کہ ماضی میں کلر سیداں کو نظراندازکیاگیا، سابق ادوارکے وزیراعظم نے صرف اعلانات کیے اورایک انچ روڈبھی کئی برسوں میں تعمیر نہیں کراسکے۔

موجودہ حکومت نے صرف ایک برس میں اربوں کے ترقیاتی منصوبوں کاآغازکیا اوراب سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کاجدید تحفہ یہاں کے عوام کودینے جارہے ہیں اور عید کے بعد10 نئے ترقیاتی منصوبوں کااعلان کریں گے، ملک کاآوے کاآواہی بگڑاہواہے، درست کرنے میں وقت لگے گا۔

ہفتے کو کلرسیداں میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی طرف سے صفائی کے منصوبے کے آغازکے موقع پرمنعقدہ تقریب اوربریفنگ کے دوران وزیر داخلہ نے کہاکہ کلر سیداں کے عوام پیارکرنے والے لوگ ہیں اس لیے ان کے ساتھ وفاداری نبھارہا ہوں۔

عوام، میڈیا اور تاجروں کی مشاورت سے عوام دوست پولیسنگ کے فروغ اورروایتی تھانہ کلچرکے خاتمے کیلیے ایک موثراورفعال کمیٹی بنائیں گے، کلرسیداں کو مثالی شہر بنادیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کوراولپنڈی سالڈویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹرعرفان احمد قریشی نے گوجر خان، ٹیکسلا، واہ، راولپنڈی سٹی اورکلرسیداں میں سالڈویسٹ منیجمنٹ پروجیکٹ کے تحت کچرے کو سائنسی بنیادوںپرتلف کرنے اورمکینیکل سویپرکے ذریعے صفائی کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ آئندہ 2ہفتوں میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے نظام کومکمل نافذ العمل اورموثربنایاجائے ۔ انھوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنے گھر،گلی محلے اورشہرکی صفائی میں عملے کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے۔