پی ایف یو سی کا ملک میں اٹھنے والی دہشتگردی کی نئی لہر پر اظہار تشویش

Pakistan Terrorism

Pakistan Terrorism

لاہور : نوجوان کالم نگاروں کی ملک گیر تنظیم ”پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ” (پی ایف یو سی) کے چیئرمین شہزاد چوہدری ، صدر فرخ شہباز وڑائچ ‘جنرل سیکریٹری محمد نورالہدیٰ ‘چیئر پرسن وومن ونگ بشریٰ اعجاز’ صدر وومن ونگ ڈاکٹرعارفہ صبح خان اور دیگر عہدیداروں نے ملک میں جاری دہشتگردی کی نئی لہر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان بھارت اور اسرائیل کے ساتھ ملنے والی پاکستانی سرحدوں کو فی الفور اور مستقل سیل کرے اور کسی بھی راستے سے سرحد پار آنے اور جانے پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سرحدیں سیل کرنے اور آنے جانے کی پابندی سے آدھی دہشتگردی خود بخود ختم ہوجائے گی جبکہ باقی رہ جانے والے ناسوروں کو پاکستانی سیکورٹی ایجنسیاں ختم کرڈالیں گی ، یوں دہشتگردی کنٹرول ہوگی۔

پی ایف یو سی نے پاکستان میں تعینات بھارتی اور افغانی سفیروں کی فی الفور ملک بدری اور ان ممالک سے مکمل لاتعلقی اختیار کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ ہمیں ایسے ہمسائیوں سے تعلقات استوار رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ، ہم ان کے بغیر زیادہ مستحکم رہ سکتے ہیں ۔ فرخ شہباز وڑائچ اور ڈاکٹر عارفہ صبح خان نے مزید کہا کہ جسے ان ممالک سے تعلقات رکھنے کا لالچ ہے وہ انہی میں جاکر بس جائے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پی ایف یو سی کے ممبران اپنے قلم کے ذریعے حکمرانوں کو اس ضمن میں سنجیدگی اختیار کرنے پر مجبور کریں گے اور انہیں توجہ دلاتے رہیں گے کہ وہ ملکی امن و امان کیلئے اپنے مفادات اور دوستیوں کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دیں۔

جاری کردہ
محمد نورالہدی (جنرل سیکرٹری ، پی ایف یو سی)