ملک میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک آپریشن جاری رہے گا، پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

کوہاٹ (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گرد بھاگ رہے ہیں تاہم آخری دہشت گرد کی موجودگی تک آپریشن جاری رہے گا۔

کوہاٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے بہترین نتائج حاصل ہوئے ہیں، آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد اب بھاگ رہے ہیں اور اب آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے تاہم آخری دہشت گرد کی موجودگی تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

پرویز رشید نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ انہوں نے خیبر پختون خوا میں ایک ارب درخت لگائے ہیں اور سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے لیکن مجھے کوہاٹ میں عمران خان کے لگائے گئے پودوں میں سے ایک پودا بھی نظر نہیں آرہا جب کہ سڑکوں کے جال کے بجائے کالے پہاڑ نظر آرہے ہیں۔