ملک بھر میں آج یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے

23rd March Youm E Pakistan

23rd March Youm E Pakistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں یوم پاکستان نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں پاکستان کی بقا، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات ہوئیں۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے سب سے اہم تقریب اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں ہورہی ہے جہاں مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ تقریب میں صدرِ ممون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ، وزیر دفاع خرم دستگیر، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات شریک ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی سری لنکا کے صدر ہیں۔

پریڈ میں بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئر کور، ناردرن لائٹ انفنٹری، آزاد کشمیر رجمنٹ اور اسپیشل سروسز گروپ حصہ لےرہے ہیں۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہین اپنی مہارت کا عملی نمونہ پیش کریں گے۔ ملکی ثقافت کی عکاسی کرنے والے فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ بنیں ہیں۔ پریڈ میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اردن کی مسلح افواج کے دستے نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔

یوم پاکستان کے سلسلے میں ایوان صدر میں بھی خصوصی تقریب ہوگی جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں گورنر صاحبان نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازیں گے۔

واضح رہے کہ 23 مارچ 1940 کے دن لاہور کے منٹو پارک میں آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کی قرارداد منظور کی گئی تھی، اسی بنیاد پر برصغیر پاک و ہند کے کروڑوں مسلمانوں کی جدو جہد سے 14 اگست 1947 کو ہمارا پیارا وطن معرض وجود میں آیا۔