ہر عدالت میں میرے خلاف ہی مقدمے چل رہے ہیں، نواز شریف

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے شکوہ کیا ہے کہ ہر عدالت میں ان کے خلاف ہی مقدمے چل رہے ہیں۔ نیب ریفرنسز میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوئے۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ آج کل تو ہر جگہ میرا کیس ہی چل رہا ہے، نیب کورٹ ہو، ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ، ہر عدالت میں نواز شریف کے خلاف ہی مقدمہ چل رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے صحافیوں سے کہا کہ میرے خلاف ہر عدالت میں مقدمے چلنے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے اسے ڈھونڈنے کی کوشش کریں، بلکہ سب جانتے ہیں کہ یہ مقدمات کیوں چل رہے ہیں، وجہ سب کے سامنے ہے۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر کردہ ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ایون فیلڈ پراپرٹیز میں ضمنی ریفرنسز پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ضمنی ریفرنس میں کوئی نئی بات شامل نہیں اور عبوری ریفرنس کے پرانے الزامات دہرائے گئے ہیں، ضمنی ریفرنس نواز شریف کی ذات کو نشانہ بنانے کے لیے داخل کیا گیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں آج نااہلی کی مدت کا تعین کرنے کے کیس کی بھی سماعت ہوئی جس میں نواز شریف کی طرف سے کوئی پیش نہ ہوا جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے انہیں دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔