قصور کی خبریں 8/4/2017

Naeem Safdar Ansari

Naeem Safdar Ansari

قصور (بیورورپورٹ) ایم پی اے مسلم لیگ ن و پارلیمانی سیکرٹری مواصلات پنجاب حاجی محمد نعیم صفدر انصاری نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ اتحاد اور اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دیں گے۔ ان خیالات کا اظہارنماز جمعہ کے بعد شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد نعیم صفدر انصاری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس، سیاستدانوں، افسروں اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہنے والے قیمتی خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے،پارلیمانی سیکرٹری مواصلات پنجاب نے کہا کہ ملک اور قوم کے تابناک مستقبل کیلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو ملکر چلنا ہوگا۔دشمن ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔عوام کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔

قصور(بیورورپورٹ)پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امانت علی زیب،ٹریڈونگ پنجاب کے سیکرٹری محمودچوہدری،قصور کے صدر مفتی فیاض احمدانصاری ،پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات رانا سجاد نے بیدیاں روڈ پر مردم شماری کی ٹیم پر حملے میں شہید ہونے والے فوجی اور سول اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی اور مرحومین کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف منظم جدوجہد کے سوا کوئی چارہ کار نہیں۔ خارجی مائنڈ سیٹ کو تباہ کرنا ہوگا ، ورنہ لاشیں ہی اٹھاتے رہیں گے،میڈیا سے گفتگو میں امانت علی زیب نے کہا کہ نجی جہادی گروپوں کے بل بوتے پرروسی مداخلت کے خلاف لڑے جانے والے جہاد افغانستان کے فوائد امریکہ نے اٹھائے اور اس وقت کی ریاستی پالیسی کے نقصانات کا سامنا پاکستان اور عوام کو ہے۔ ہمارے مشرقی بارڈر پر بھارت دشمن کی صورت میں بیٹھا تھا، مگر اب ہم مغربی بارڈرز کو بھی غیر محفوظ کربیٹھے ہیں،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن راہ راست، ضرب عضب اور اب ردالفسادشروع ہوئے ، مگراس سوال کا جواب نہیں دیا جاسکا کہ دہشت گرد اپنے ہدف تک پہنچتا کیسے ہے، حساس علاقوں میں اس کی رسائی کیسے ہوجاتی ہے، درجنوں خفیہ ایجنسیوں کی موجودگی کے باوجود دہشت گرد لاہور ، پاراچنار، اور سیہون شریف کیسے پہنچتے ہیں؟ہر واقعہ کے بعد کے دعووں سے لگتا ہے کہ ہمیں ان واقعات کی پیشگی اطلاع ہوتی ہے، مگر ان کا سد باب کرنے کی بجائے ہم اس کے رونما ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔

قصور(بیورورپورٹ)وائس چےئرمین میونسپل کمیٹی قصور چوہدری احمدلطیف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نگری حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کو خوبصورت شہربنائیں گے ،پنجاب کی ترقیاتی پالیسی عام آدمی کو تعلیم، علاج، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کے کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے اور ان تمام مقاصد کے حصول کے لیے حکومت کو وسائل درکار ہیں جن کا بڑا ذریامحصولات ہیں تاہم اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کے ہم ٹیکس ادا کرنے والوں پر بوجھ بٹھاتے جائیں ،چوہدری احمدلطیف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اپیلنٹ ٹربیونل کا قیام پنجاب ریونیوکے ایک اور انقلابی مشن کی تکمیل ہے جو نہ صرف ٹیکس دہندگان اور ایجنسیوں کے مابین قانونی معاملات کے منصفانہ حل کو یقینی بنارہا ہے بلکہ اُنھیں ان کے حقوق اور معاشرے کے محروم طبقہ کی جانب اپنے فرائض سے بھی آگاہ کر رہا ہے،وائس چےئرمین میونسپل کمیٹی قصور نے مزید کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے آٹھویں جماعت کی اردو کی کتاب میں ٹیکس کی اہمیت سے متعلق ایک پورا سبق شامل کیا گیا ہے،چیمبر آف کامرس کاروباری حضرات میں ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے احساسِ ذمہ داری کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔