ثقافتوں کے تبادلے سے باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہو گا، ملیحہ لودھی

Maleeha Lodhi

Maleeha Lodhi

اسلام آباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا جشن آزادی کانسرٹ منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ثقافتوں کے تبادلے سے باہمی احترام اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

پاکستان کےستر ویں یوم آزادی کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منعقدہ کانسرٹ میں مختلف ملکوں کے مہمانوں کی بڑی تعداد میوزیکل بینڈ سچل جیز کی پرفارمنس سے محظوظ ہوئی ۔

سیکریٹری جنرل کی بیرون ملک مصروفیات کے سبب ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ محمد اس تقریب کی مہمان خصوصی تھیں ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہم سفارتکاری سے متعلق پاکستان کے عزم کا جشن منا رہے ہیں۔

آمنہ محمد نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کےامورمیں پاکستان کے غیر معمولی اقدام کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم قیام امن سےمتعلق اقوام متحدہ کےامورمیں پاکستانی خدمات کےبھی معترف ہیں۔

ڈپٹی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ بلیوہیلمٹس میں 7ہزار سے زائد پاکستانی خدمات انجام دے رہے ہیںاور ہم قیام امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی فوجیوں کی خدمات کے بھی معترف ہیں۔

کانسرٹ میں شریک شرکاء کا کہنا تھا کہ یو این میں منعقدہ پر وگرام سے پاکستانی ثقافت اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے اور اس سے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج بہتر ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کےیوم آزادی کاجشن منانے کے لیےاقوام متحدہ میں منعقد کیے گئے اس ایونٹ کا اہتمام پاکستان کےمستقل مشن نے کیا اور جیو نیوز اس کا میڈیا پارٹنر تھا۔