دبنگ خان کے لیے سال 2015 نہایت ہی کامیاب سال رہا

Sulman Khan

Sulman Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سپراسٹار سلمان خان کے لیے گزشتہ سال خوشیوں اورکامیابیوں کا سال رہا جس میں انہیں شہرہ آفاق ہٹ اینڈ رن کیس سے بری کر دیا گیا جب کہ فلم انڈسٹری پر بھی سلو میاں چھائے رہے۔
بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے لیے سال 2015 نہایت ہی کامیاب ترین سال رہا ہے جب کہ گزشتہ سال سلو میاں نہ صرف 13 سال پرانے ہٹ اینڈ رن کیس سے بری ہوگئے بلکہ ان کی 2 فلموں نے باکس آفس پردھوم مچاتے ہوئے شاندار ریکارڈ بزنس بھی کیا۔

سلمان خان کو 2002 کے ہٹ اینڈ رن کیس میں سیشن عدالت نے گزشتہ برس مئی میں 5 سال قید کی سزا سنائی تھی جس پر اداکار اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تھے اور کمرہ عدالت میں ہی روپڑے تھے جب کہ اسی روز ممبئی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اسٹار کو ضمانت پر رہائی دے دی تھی تاہم ممبئی ہائی کورٹ نے 5 ماہ کی سماعت کے بعد دبنگ خان کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمے سے بری کردیا۔

دبنگ خان کی ذاتی زندگی کے علاوہ سال 2015 فلمی کیرئیر کے لیے بھی نہایت کامیاب سال رہا،گزشتہ سال ان کی 2 فلمیں ریلیز کی گئیں جنہوں نے باکس آفس پرشاندار بزنس کرکے انہیں باکس آفس کا کنگ ثابت کردیا ہے جب کہ سلو میاں کی عید الفطر کے موقع پرریلیز ہونے والی فلم’’بجرنگی بھائی جان‘‘نے باکس آفس پر تیز ترین کمائی کے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے یہی نہیں ان کی فلم نے بھارت میں 320 کروڑ سے زائد کمائی کرکے سب سے زیادہ کمانے والی دوسری بالی ووڈ فلم بن گئی تاہم فلم نے دنیا بھر میں 600 کروڑ سے زائد بزنس کیا تھا۔

دبنگ خان کی گزشتہ سال ریلیز ہونے والی دوسری فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ٍبھی کامیابیاں سمیٹنے میں کسی طور پر پیچھے نہیں رہی اور پوری طرح باکس آفس پر بھی چھائی رہی جب کہ فلم نے بھارت میں 200 کروڑ سے زائد کمائی کرکے گزشتہ سال کی سب سے زیادہ کمانے والی دوسری فلم بن گئی ہے اور فلم نے دنیا بھر میں بھی 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا اس طرح دبنگ خان کی 2 فلموں نے مجموعی طورپر 1000 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے باکس آفس پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔