روزانہ پھل سبزیاں کھائیں اور لمبی عمر پائیں، ماہرین صحت

Vegetables

Vegetables

امپیریل کالج لندن کے تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو دن میں کم و بیش 10 مرتبہ پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں ان کی عمر دوسرے افراد کے مقابلے میں زیادہ طویل ہوتی ہے جب کہ وہ کئی اقسام کے امراض سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔

پھلوں اور سبزیوں کی صحت بخش خصوصیات سے ہر کوئی واقف ہے اور سب یہ بھی جانتے ہیں کہ کچی سبزیوں اور پھلوں میں موجود معدنیات اور ریشوں کی بدولت نہ صرف نظامِ ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ کئی طرح کی بیماریاں بھی ہم سے دور رہتی ہیں۔

امپیریل کالج لندن کی اس تحقیق میں پھلوں اور سبزیوں پر کیے گئے سابقہ 95 مطالعات کا ازسرِنو جائزہ لیا گیا جو کئی عشروں پر محیط تھے جب کہ اس تحقیق کے نتائج ’’انٹرنیشنل جرنل آف ایپی ڈیمیولوجی‘‘ میں شائع ہوئے ہیں۔

ان ہی معلومات میں اضافہ کرتے ہوئے اب برطانوی طبی ماہرین نے بعض ایسے پھلوں اور سبزیوں کی نشاندہی بھی کی ہے جنہیں روزانہ کھانے سے کینسر اور دل کی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ ان میں پالک، شملہ مرچ اور گوبھی کے علاوہ سبز رنگت والی سبزیوں کے روزانہ استعمال سے کینسر کے خطرات میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے جب کہ سیب، ناشپاتی، کیلا، سلاد اور نرم گودے والے پھل روزانہ کھانے کی وجہ سے دل کی بیماریاں لاحق ہونے کے خدشات بھی کم سے کم رہ جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ طبّی اصطلاح میں پھلوں یا سبزیوں کی 80 گرام مقدار کو ایک حصہ قرار دیا جاتا ہے اور اسی مناسبت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صحت اور لمبی زندگی کے لیے عام لوگوں کو پھلوں اور سبزیوں کی روزانہ 800 گرام مقدار استعمال کرنی چاہیے۔