خطرناک ڈاکو غلام الرسول عرف ٹنڈی دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک

DPO Kasur

DPO Kasur

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ ڈکیتی،رابری ،ڈکیتی /رابری معہ قتل اور اسلحہ ناجائز کی 28سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب انتہائی خطرناک ڈاکو غلام الرسول عرف ٹنڈی تھانہ سرائے مغل کے علاقہ بند مالی وال کے قریب دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھی ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات مسمی محمد ارشد سردار نے 15پر کال کی کہ بلوکی پاورپلانٹ کے قریب 3کس نامعلوم ڈاکوئوں نے مجھ سے اسلحہ کے زورپر موٹر سائیکل ، نقدی25360/-روپے اور موبائل فون چھین کر جانب اولکھ موڑفرار ہو گئے ہیں اس اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سرائے مغل انسپکٹر اشتیاق احمد خاں ہمراہ دیگر ملازمان موقعہ پر پہنچا اور ملزمان کا تعاقب کیا تو بند مالی وال کے قریب ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر پوزیشن سنبھال کر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔

اسی دوران پولیس کی مزید نفری بھی موقعہ پر پہنچ گئی پولیس پارٹی نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت محتاط انداز میں فائر کیے۔جب ملزمان کی طرف سے فائرنگ کا سلسلہ بند ہواتو پولیس پارٹی نے قریب جاکر دیکھا تو ایک کس ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا جو اپنے ہی ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

پولیس نے موقعہ سے ایک عدد پسٹل ،چھینی گئی موٹرسائیکل ،نقدی اور موبائل فون برآمد کرلیا ہے جبکہ بقایا دو کس نامعلوم ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ جانے میں کامیاب ہو گئے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت بعد میں غلام الرسول عرف ٹنڈی کے نام سے ہوئی جوضلع قصوراور لاہور پولیس کو ڈکیتی ،رابری،ڈکیتی/رابری معہ قتل اور اسلحہ ناجائز کی 28سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔

تھانہ سرائے مغل پولیس نے فرار ہونے والے2کس نامعلوم ڈاکوئوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔