ڈیٹا کلاؤڈ پر محفوظ کیجیے

Data Cloud

Data Cloud

تحریر : علی عبداللہ
انٹرنیٹ کی ترقی کے ساتھ ہی ہر عام و خاص اب انٹرنیٹ کے بغیر خود کو ادھورا سمجھنے لگا ہے _ رہی سہی کسر سمارٹ فونز نے پوری کر دی ہے کہ اب لوگوں کو باقاعدہ کمپیوٹر کے لیے وقت مختص نہیں کرنا پڑتا بلکہ وہ جب چاہیں جہاں چاہیں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں _ کمپیوٹر ہو یا سمارٹ فون, لوگ زیادہ سے زیادہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے چکروں میں یہ بھول جاتے ہیں کہ حاصل شدہ ڈیٹا کو سٹور کرنے کے لیے وسیع سٹوریج بھی درکار ہوتی ہے _ نتیجتاً لوگ ڈیٹا سٹور کرنے کے لیے یو ایس بی, سی ڈی یا زیادہ کیپیسٹی والی ہارڈ ڈسک خریدتے ہیں یا پھر نئے کے چکروں میں پرانا ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیتے ہیں _اہم ڈیٹا کا بیک اپ رکھنے کے لیے عموماً لوگ یو ایس بی یا سی ڈی وغیرہ کا بھی استعمال کرتے ہیں لیکن مسئلہ تب گھمبیر ہو جاتا ہے جب عین موقعے پر آپ کو مطلوبہ سی ڈی یا یو ایس بی نہیں ملتی یا پھر وائرس زدہ ہونے کی بنا پر یو ایس بی کام نہیں کر پاتی _ اس سلسلے میں اگر کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی طرف توجہ دی جائے تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ کیا ہے اور یہ ہماری زندگیوں کو کتنا آسان بنا رہی ہے اس بارے میں اکثر لوگ ناواقف ہیں _ لوگ ڈیٹا سٹور کرنے کے لیے بڑی بڑی ہارڈ ڈسک تو خریدتے ہیں اور سوفٹ وئیرز کی بھی بھرمار کر لیتے ہیں لیکن وہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے ذریعے اپنا ڈیٹا آن لائن محفوظ نہیں کرتے اور نہ ہی آن لائن سوفٹ وئیرز کے ذریعے اپنا کام بہتر طریقے سے سرانجام دینے کی کوشش کرتے ہیں _ یہاں ہم آپکو کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے بارے میں آگاہ کریں گے اور بتائیں گے کہ ایک عام آدمی کلاؤڈ سٹوریج کیسے استعمال کر سکتا ہے اور اسکے فوائد کیا ہوں گے ؟ آن لائن ڈیٹا بیک اپ کیسے رکھا جا سکتا ہے۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ ڈیٹا کو انٹرنیٹ پر سٹور کرنے اور اس تک رسائی حاصل کرنے کا نام ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر اہم پروگرامز جیسے ورڈ, ایکسل اور پاورپوائنٹ وغیرہ بھی انٹرنیٹ سے براہ راست استعمال کیے جا سکتے ہیں _ سادہ الفاظ میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں آپ اپنے کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک استعمال کرنے کی بجائے اپنا ڈیٹا سٹور کرنے اور ڈاکیومنٹس وغیرہ کی ایڈیٹنگ کے لیے انٹر نیٹ استعمال کرتے ہیں _ کلاؤڈ کمپیوٹنگ نہایت تیزی سے پوری دنیا میں پھیلتی چلی جا رہی ہے اور کاروباری اداروں سے لے کر گھریلو صارفین تک سب کسی نہ کسی شکل میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے استعمال کنندگان میں شامل ہیں _ مائکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو ستیا ناڈیلا کے مطابق کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی مد میں مائکروسافٹ کی آمدنی میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے _ اسی طرح گوگل کی آمدنی میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی مد میں 22فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں سٹوریج ایک اہم جزو ہے _اس کے ذریعے آپ اپنا اہم ڈیٹا آن لائن محفوظ کر سکتے ہیں تاکہ پوری دنیا میں کہیں بھی کسی بھی کمپیوٹر کے ذریعے آپ اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکیں _ بنسبت ہارڈ ڈسک یا یو ایس بی, آن لائن سٹوریج سے آپ کا ڈیٹا زیادہ محفوظ رہ سکتا ہے _ اس سلسلے میں کئی کمپنیاں مفت آن لائن سٹوریج کی سہولت فراہم کر رہی ہیں جن میں گوگل ڈرائیو, مائکرو سافٹ سکائی ڈرائیو, ایپل آئی کلاؤڈ, ڈراپ باکس وغیرہ شامل ہیں _ یہ 2 جی بی سٹوریج سے لے کر 15 جی بی تک کی سٹوریج مفت فراہم کرتی ہیں لیکن اگر اس سے زیادہ سٹوریج درکار ہو تو ان کو مخصوص رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔

ڈیٹا آن لائن محفوظ کرنے کے لیے گوگل ڈرائیو سب سے زیادہ مشہور ہے اور اس کے ذریعے نہ صرف آپ ڈیٹا محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ آپ جب چاہیں اپنے دوستوں کے ساتھ اسے شئیر بھی کر سکتے ہیں _ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ڈاکیومنٹس کی ایڈیٹنگ اور نئی ڈاکیومنٹس بھی گوگل ڈرائیو میں بنائی جا سکتی ہیں _ 15 جی بی کی سب سے زیادہ سٹوریج کیپیسٹی کے ساتھ گوگل ڈرائیو اس وقت آن لائن سٹوریج سروسز میں سب سے زیادہ پذیرائی رکھتی ہے _ اگر آپ 15 جی بی سے زیادہ سٹوریج چاہتے ہیں تو9.99 ڈالر فی مہینہ ادا کر کے 100جی بی تک جبکہ.9 99 ڈالر فی مہینہ کے عوض 1 ٹی بی تک کی سٹوریج سپیس بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

گوگل ڈرائیو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے آپکو جی میل اکاؤنٹ بنانا ہو گا _ اگر آپ پہلے ہی جی میل استعمال کر رہے ہیں تو پھر نیا بنانے کی ضرورت نہیں _ دوسرے مرحلے میں آپ کو drive.google.com لنک کھولنا ہو گا_ یہاں سے آپ اپنے اکاؤنٹ سے لاگ ان ہوں گے اور لیجیے آپ کی گوگل ڈرائیو حاضر ہے _ یہاں آپ اپنی مرضی کی نئی ڈاکیومنٹ بنا سکتے ہیں یا پھر اپنے کمپیوٹر سے اپنا اہم ڈیٹا اپلوڈ بھی کر سکتے ہیں _ مزید گوگل ڈرائیو میں آپ ضرورت کے مطابق فولڈرز بنا کر ڈیٹا کو مختلف کیٹاگری میں رکھ سکتے ہیں _ گوگل ڈرائیو کے کچھ اہم فوائد ذیل میں دیے جا رہے ہیں۔

1ـڈیٹا بیک اپ جس کے ذریعے آپکا قیمتی ڈیٹا محفوظ رکھا جا سکتا ہے ۔

2ـ اپنے ای میل اکاؤنٹ سے براہ راست زیادہ سٹوریج والی فائلز اپنے کنٹیکٹس تک بھیجی جا سکتی ہیں۔

3ـاپنے فوٹو اور ویڈیوز کو اپنے دوستوں سے شئیر کرنا نہایت آسان بنا دیا گیا ہے۔

4ـگوگل ڈرائیو کے ذریعے مختلف فارمیٹ کی ڈاکیومنٹس کو ایڈٹ اور نیا بنایا جا سکتا ہے جس میں ورڈ, ایکسل, پاورپوائنٹ, اور ڈرائنگ کا فارمیٹ شامل ہے۔

5ـ گوگل ڈرائیو میں اپنی فائلز کو فارمیٹ کے لحاظ سے سرچ کرنے کے لیے الگ سرچ انجن شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے آپ اپنی فائلز زیادہ مؤثر انداز میں تلاش کر سکتے ہیں۔

اگر آپ نے ابھی تک کلاؤڈ سٹوریج استعمال نہیں کی تو آج سے ہے اپنا ڈیٹا آن لائن سٹور کریں تاکہ آپ اس فکر سے آزاد ہو جائیں کہ کہیں آپ کا ڈیٹا ڈیلیٹ نہ جائے یا دوسروں تک اپنا ڈیٹا کیسے شئیر کیا جائے۔

ڈیٹا بیک اپ کے لیے سی ڈیز اور یو ایس بی استعمال کرنا اور پھر جگہ جگہ انہیں اٹھا لے جانا آسان کام نہیں ہے _ لہٰذا بہتر یہی ہے کہ اہم ترین ڈیٹا ہمہ وقت کلاؤڈ پر موجود ہو تاکہ پوری دنیا میں کہیں سے بھی آپ اپنے ڈیٹا تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں۔

Ali Abdullah

Ali Abdullah

تحریر : علی عبداللہ