3 دن سے اس کشمکش میں ہوں، کیا میں نے کوئی بینک لوٹا: عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی کا تیسری شادی کی خبروں پر ردعمل سامنے آ گیا۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 3 دن سے اس کشمکش میں ہوں کیا میں نے کوئی بینک لوٹا، ملک کا پیسہ لوٹا، بھارت کو راز دیئے یا ماڈل ٹاؤن میں قتل و غارت کی؟۔ انہوں نے کہا میں نے ایسا کچھ نہیں کیا لیکن پھر بھی مجھے لگتا ہے کہ میں نے شادی کی خواہش کر کے ان تمام جرائم سے بڑا جرم کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا نوازشریف کی میڈیا مہم سے مجھے کوئی پریشانی نہیں، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ پر عمران خان نے ٹویٹ میں مزید کہا میڈیا پر ایسی خبریں چلنے سے مجھے اپنے بچوں اور بشریٰ بی بی کی فیملی سے متعلق پریشانی ہے۔ انہوں نے کہا مخالفین سن لیں، ایسی مہم سے میرا ان سے لڑنے کا عزم اور مضبوط ہو گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا شریفوں کو 40 سال سے جانتا ہوں، پھر بھی انکی ذاتی زندگی سے متعلق تفصیلات بے نقاب کرنا مجھے زیب نہیں دیتا۔

خیال رہے گزشتہ کچھ دنوں سے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبریں میڈیا پر گردش کر رہی تھیں جس کے بعد پی ٹی آئی نے میڈیا میں شادی سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید اور کہا کہ عمران خان نے شادی کا ارادہ کر لیا ہے اور انہوں نے بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کر دی ہے جس پر خاتون نے اپنے خاندان اور بچوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا میں شادی سے متعلق خبروں سے دکھ ہوا۔ بیان کے مطابق صورتحال سے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے بچوں کو دکھ ہوا تاہم یہ بات بیان میں واضح کر دی گئی ہے۔ بشریٰ مانیکا کے پیشکش قبول کرنے پر عمران خان باقاعدہ طور پر شادی کا اعلان کرینگے۔ اس وقت تک اس معاملے کو زیر بحث نہ لایا جائے۔