وہ دن دور نہیں جب عمران خان کو ہمارے پاس آکر بات کرنا پڑے گی، سعد رفیق

Khawaja Saad Rafiq

Khawaja Saad Rafiq

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب عمران خان کو آ کر ہم سے بات کرنا پڑے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں میں مشاورتوں کا سلسلہ جاری ہے، نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا کہا ہے، عوامی رابطہ مہم کے پروگرام کا فیصلہ کچھ دن میں جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس پارٹی میں مسائل پر اختلاف نہیں ہوتا وہاں بادشاہت ہوتی ہے، چوہدری نثار پارٹی کا اہم حصہ ہیں وہ پارٹی کے سینئر لیڈر ہیں اور نا اہلی فیصلے کے بعد وہی وزیراعظم ہاؤس پہنچنے والوں میں سب سے آگے تھے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اگر منتخب وزیراعظم پرنااہلی کی تلوار لٹکتی رہےگی تو حکومت کام نہیں کرسکتی، نواز شریف نے اپنی تقاریرمیں کہا ہے کہ آئین میں اہم ترامیم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سےایک تاریخی غلطی ہوگئی ہے جس کااحساس ان کو ہونا شروع ہوگیا، خان صاحب، آج کل زیادہ پریشان ہیں۔

سعد رفیق نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب، وہ وقت زیادہ دور نہیں ہے جب آپ ہمارے پاس آکربات کریں گے اور بات کرنا پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے لاکھ اختلاف لیکن وہ آدمی سمجھ دار ہیں جب کہ بلاول کہتے ہیں وہ ہماری کال نہیں اٹھائیں گے، کوئی پوچھے ان سے انہیں کال کس نے کی ہے؟