ڈی سی او قصور نے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا

Meeting

Meeting

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی سی او قصور سلمان غنی اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کے زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ، اسسٹنٹ کمشنرز قصور ، پتوکی ، چونیاں ، کوٹ رادھاکشن ، ڈی ایس پی ٹریفک اکرام خاں ، ای ڈی او ایجو کیشن ذوالفقار علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد زاہد مان ، ڈی او سپیشل برانچ حسن دانیال ، پرنسپل گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفکٹو سکول ، پرنسپل گورنمنٹ ورکر ویلفیئر سکول ، پرنسپلز ووکیشنل انسٹیٹیوٹ ،صدر پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔اجلاس میں تمام کالجز ، سرکاری و پرائیویٹ سکولوں ،سپیشل سکولوں ، ووکیشنل انسٹیٹیوٹس ، ورکرویلفیئر سکولوں ،یونیورسٹی آف اینمل سائنسزاور دیگر اداروں میں سیکورٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈی سی او اور ڈی پی او نے کہا کہ نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔وضع کردہ سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ محکمے اور ادارے فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔

انہوں نے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کومزید بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں اور تمام متعلقہ افسران باقاعدگی کے ساتھ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اوراگر کسی ادارے نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔