دسمبر میں فاٹا اصلاحات منطور نہ ہوئیں تو ہم بتائیں گے دھرنا کیا ہوتا ہے۔ سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) فاٹا اصلاحات کیلئے جماعت اسلامی کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچ کر ختم، حکومت کو اصلاحات نافذ کرنے کیلئے 31 دسمبر تک کی مہلت، اب ہم بتائیں گے دھرنا کیا ہوتا ہے، سراج الحق کی وارننگ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی مارچ کے شرکاء سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

جماعت اسلامی نے فاٹا اصلاحات کیلئے اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا اور بل منظور کرانے کیلئے حکومت کو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔ لانگ مارچ کے شرکاء نے قبائل کو ایف سی آر سے نجات اور حقوق دلانے کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔ امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ حکومت نے دسمبر میں ہی فاٹا اصلاحات پارلیمنٹ سے منطور نہ کرائیں تو خیمے لے کر دھرنا دینے اسلام آباد آئیں گے۔

لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ دنیا ٹوٹ رہی ہے پاکستان جڑ رہا ہے، فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ہو کر رہے گا۔

جماعت اسلامی کا فاٹا لانگ مارچ اتوار کو خیبر ایجنسی سے شروع ہوا تھا اور پارلیمنٹ کے قریب جناح ایونیو پر اختتام پذیر ہوا۔ بارش اور سردی کے باوجود کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔