این اے 122 کے لاہورئیے کیا فیصلہ کرینگے

Election

Election

تحریر: سید انور محمود
گیارہ مئی 2013ء کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122لاہور ۔5سے کل امیدوار تو 20 تھے لیکن اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کے درمیان تھا۔ عمران خان اور ایاز صادق اسکول کے زمانے کے دوست ہیں، ایک وقت ایسا بھی تھا جب فروری انیس سو ستانوے میں ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان لاہور سے جس قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار تھے اسی حلقے کی صوبائی نشست پر ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کے لیے انتخاب لڑا، دونوں ہی ہار گئے، اس کے ساتھ ہی دونوں کی راہیں جدا ہوگیں ، ایاز صادق نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔ 2002 ء اور 2013ء کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 لاہور میں عمران خان اور ایاز صادق ایک دوسرئے کے مدمقابل آئے اور دونوں مرتبہ ہی ایاز صادق کامیاب ہوئے، (2008ء کے انتخابات کا پاکستان تحریک انصاف نے بائیکاٹ کیا تھا) 2013ء کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے اس حلقے سے ایاز صادق کو 93,389 ووٹ ملے جبکہ اُن کے مدمقابل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 84,517 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ ایاز صادق 8872 ووٹوں کے فرق سےجیتے تھے۔

گیارہ مئی 2013ء کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122لاہور ۔5سے ایاز صادق سے شکست کھانےکے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایاز صادق کے خلاف الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر رکھی تھی۔ 22 اگست 2015ء کوالیکشن ٹریبونل نےحلقہ این اے 122 سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ایاز صادق اور پی پی 147 سے ن لیگ کے ہی رکن پنجاب اسمبلی محسن لطیف کے انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان حلقوں میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔ گیارہ اکتوبر کو حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات ہونگے لیکن اس مرتبہ ایاز صادق کے مدمقابل عمران خان کی جگہ سےپاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان ہونگے۔ حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں بیرسٹرعامرحسن پاکستان پیپلز پارٹی کےامیدوار ہیں لیکن بیرسٹر عامرحسن کی بدقسمتی کہ اُن کے انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں شریک ہونے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے، بیرسٹر عامرحسن 2013ء کے انتخابات میں صرف 2833 حاصل کرپائے تھے۔ میڈیا بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار کو قطعی اہمیت نہیں دےرہا ہے کیونکہ یہ سب جانتے ہیں کہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق اور پاکستان تحریک انصاف کے علیم خان کے درمیان ہے۔

NA-122-LAHORE

NA-122-LAHORE

قومی اسمبلی کی نشستوں میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا گیا تو قومی اسمبلی کےحلقوں میں بھی ردوبدل ہوتا رہا۔ 1970ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو انہی علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این ڈبلیو 60 سے چند روز قبل وفات پانے والے علامہ اقبال کے صابزادئے ڈاکٹر جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال کو شکست دیکر کامیاب ہوئے تھے۔ ڈاکٹر صاحب نے ذوالفقار علی بھٹو کے 78 ہزار ایک سو بتیس ووٹوں کے مقابلے میں33 ہزار نو سو اکیس ووٹ حاصل کیے تھے، ڈاکٹر جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے 1970ء کے بعد کبھی کسی انتخاب میں حصہ نہیں لیا، البتہ بہت عرصے بعد سینیٹ کے لیے ایک بار ضرور منتخب ہوئے ۔ سال 2002ء میں نئی حلقہ بندیاں ہوئیں تو حلقہ 94 کا زیادہ تر حصہ، حلقہ 98 کے بیشتر علاقے اور حلقہ 95 کی چند یونین کونسلز ملا کر این اے 122 تشکیل دیا گیا، لاہور کینٹ کے ایک جانب سے شروع ہونیوالا یہ حلقہ دھرمپورہ، علامہ اقبال روڈ، گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، اپرمال، زمان پارک، فیروز پور روڈ، اچھرہ اور سمن آباد سے ہوتا ہوا ملتان روڈ تک جا پہنچتا ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 94 سے 1988ء کے انتخابات میں بینظیربھٹو بھی منتخب ہوچکی ہیں، تاہم یہ نشست بینظیربھٹو کی طرف سے چھوڑ دی گئی تھی۔

ویسے تو ہر ضمنی انتخاب سے پہلے عمران خان دعویٰ کرتے ہیں کہ تحریک انصاف ہی جیتے گی مگر انتخابی حقائق بتاتے ہیں کہ 2013ء کے بعد ہونے والے چھ میں سے پانچ ضمنی انتخابات میں کامیابی نواز لیگ کو ملی ہے۔ماضی قریب میں ہونے والے انتخابی نتائج اور موجودہ سیاسی پس منظر پرنظر ڈالی جائے تو لگتا ہے کہ سردار ایاز صادق کامیاب ہوجائیں گے، لیکن عمران خان کے دعووں کے مطابق اہلیانِ لاہور ان ضمنی انتخابات میں ووٹ تحریک انصاف کو دیں گے۔ قومی اسمبلی کے اس حلقے میں آنے والی دو صوبائی سیٹوں میں سے ایک سیٹ پی پی 148 تحریک انصاف کے میاں اسلم اقبال 54893 ووٹ لے کر جیت چکے ہیں۔ جبکہ 11اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں پی پی 147 کی سیٹ پر مقابلہ نواز لیگ کے محسن لطیف اور تحریک انصاف کے شعیب صدیقی کے درمیان ہوگا۔ پی پی 147 کی ایک دلچسپ تاریخ یہ ہے کہ اس سیٹ پرسردار ایاز صادق بھی 2008ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم ایاز صادق کے سیٹ چھوڑنے کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں علیم خان جیت کر پرویز الہٰی کی کابینہ کا حصّہ بنے تھے۔

Abdul Aleem And Ayaz Sadiq

Abdul Aleem And Ayaz Sadiq

گیارہ مئی 2013ء کے انتخابات کے وقت قومی اسمبلی حلقہ این اے 122 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 28 تھی۔ عام انتخابات کے بعداس حلقہ میں 1 لاکھ 62 ہزار 501 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔ گیارہ اکتوبر 2015ء کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں اسی حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہے، ان میں مرد ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ 68 ہزار 57 ہے جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 472 ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اس حلقے میں اکثریت نوجوانوں کی ہے جن کا زیادہ تر جھکاو ُ تحریک انصاف کی طرف ہے، جبکہ پینتالیس پچاس یا اس سے زائد عمر کے لوگوں کی اکثریت مسلم لیگ (ن) کی حامی ہے، ایک سروے کے مطابق زائد عمر کے لوگ وزیراعظم نواز شریف کی اقتصادی راہداری اور توانائی کے منصوبوں کیلئے کی گیں کوششوں کو سراہتے ہیں۔ لوگوں کی اکثریت نے امیدواروں کے بجائے نواز شریف اور عمران خان کو ووٹ دینے کی بات کی یا شیر اور بلے کو ووٹ دینے کی اصطلاح استعمال کی۔

کون جیتے گا کون ہارے گا اس کا فیصلہ ہمیں 11 اکتوبر کی رات کو مل جاے گا، فیصلہ جو بھی ہو اُس سے نہ تو نواز شریف کی حکومت ختم ہوگی اور نہ ہی عمران خان وزیراعظم بن پاینگے لیکن سیاسی اثرات دونوں پارٹیوں پر ضرور ہونگے۔ پاکستان تحریک انصاف کے علیم خان اگر جیتے ہیں تو عمران خان کی شہرت کا گراف کافی اوپر چلا جائے گا، عمران خان کےمسلم لیگ (ن) اور الیکشن کمیشن پر لگائے گئے سارئے الزامات درست قرار دیئے جاینگے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جن چار حلقوں کو کھولنے اور اُن کی دوبارہ گنتی کروانے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے اس میں قومی اسمبلی کا یہ حلقہ این اے 122 بھی شامل تھا۔ لوگ عمران خان کے لاتعداد یو ٹرن کو بھول کرانہیں ایک سنجیدہ سیاست داں سمجھنے لگیں گے لیکن اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اور سابق اسپیکرایازصادق جیت جاتے ہیں اور واپس اسپیکر کی نشست پرجا بیٹھتے ہیں تو عمران خان یہ سمجھ لیں کہ سیاست سے اُنکا نکالا شروع ہوجائےگا۔ عمران خان نے اس ضمنی انتخابات کے شفاف ہونے کےلیے جو بھی مطالبات کیے وہ حکومت نے مان لیے ہیں، پھربھی اگر علیم خان نہ جیت پائے تو عمران خان کے کسی الزام یا احتجاج کی کوئی اہمیت نہیں ہوگئی اور پاکستان تحریک انصاف کی یہ سیاسی موت ہوگی۔

حلقہ این اے 122 میں دو امیدوار نہیں لڑرہے ہیں بلکہ دو سیاسی جماعتوں کی سیاست کا فیصلہ ہونا ہے، 22 اگست 2015ء کوالیکشن ٹریبونل کا فیصلہ آنے کے بعد اب یہ حلقہ پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف دونوں ہی کےلیے سیاسی زندگی اورموت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کراچی کے حلقہ این اے 246 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی طرح اس بار بھی میڈیا حلقہ این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تفصیلی کوریج پر لگ گیا ہے۔ 11 اکتوبر کو اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144 میں بھی ضمنی انتخاب ہو رہا ہے مگر اُس حلقہ پر میڈیا کی کوئی توجہ نہیں۔ چلیے تو پھر انتظار کرتے ہیں کہ حلقہ این اے 122 کے لاہورئیے کیا فیصلہ کرتے ہیں اور “بو کاٹا” کے نعرئے کی گونج کس کی طرف سے آتی ہے۔

Syed Anwer Mahmood

Syed Anwer Mahmood

تحریر: سید انور محمود