ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کو 4 ریاستوں میں کامیابی

Hillary Clinton

Hillary Clinton

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لئے 5 ریاستوں میں ہونے والی ووٹنگ میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن نے اپنے مخالفین پر واضح سبقت حاصل کر لی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخاب کے لئے امریکا کی 5 ریاستوں پنسلوینیا، میری لینڈ، ڈیلویئر، کنیکٹی کٹ اور رہوڑ آئی لینڈ میں ریپبلکن اور ڈیمو کریٹس امیدواروں کے درمیان جماعتی نامزدگی کے لئے پولنگ ہوئی جس میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام 5 ریاستوں میں کامیابی حاصل کی جب کہ ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کو 4 ریاستوں میں کامیابی ملی اور ایک ریاست میں ان کے مخالف امیدوار برنی سینڈرز فتحیاب رہے۔

ہلیری کلنٹن نے ریاستوں میری لینڈ، ڈیلویئر کنیکٹی کٹ اور پنسلوینیا سے پارٹی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں جب کہ رہوڈ آئی لینڈ میں ان کے مخالف امیدوار برنی سینڈرز پارٹی نامزدگی جیتنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی ریپلکن پارٹی میں دوسری اور تیسری پوزیشن کے امیدوار ٹیڈ کروز اور جان کیسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف متحد ہونے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود ٹرمپ پانچوں ریاستوں میں پارٹی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔