انسداد ڈینگی کے حوالے سے جراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم کا آغاز

Dengue Spray Campaign

Dengue Spray Campaign

کراچی : شاہ فیصل زون میں کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور بلدیہ کورنگی کے اشتراک سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے 30 اسپرے وہیکل مشین کے ذریعے شاہ فیصل کالونی کی 7یونین کونسل میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا گیا ۔میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے شاہ فیصل زون آفس میں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میںجراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے ڈینگی کو شکست دیا جائیگا صاف ستھرے صحت مند ماحول کا قیام بلدیہ کورنگی کی اولین ترجیح ہے متعلقہ محکموں کے ذمہ دران کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے جراثیم کش ادویات کا اسپرے ہر گلی اور محلے میں انجام دیا جائے۔

عوامی زندگیوں کو ڈینگی کے مضر اثرات سے محفوظ بنا نے کے لئے احتیاطی تدابیر اور ڈینگی مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم چلا ئی جائے تاکہ عوام کو قاتل مچھر ڈینگی سے محفوظ بنا یا جاسکے۔میونسپل کمشنر عمران اسلم نے جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے اسپرے پر مامور ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ ندی نالوں کے ساتھ علاقائی سطح پر مساجد و امابارگاہوں اور اسکولوں و کالجوں میں بھی جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ بلدیہ کورنگی نے اپنی مدد آپ کے تحت قبل ازوقت انسداد ڈینگی مہم کا آغاز کیا ہوا ہے۔

اس حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوام کو آگاہ کرنے کے لئے پمفلٹ بھی تقسیم کئے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ بلدیہ کورنگی علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ سرسبز ماحول کا قیام اور مکھی مچھروں کے خاتمے کے حوالے سے موثر اقدامات کررہی ہے انشا اللہ عوام کے تعاون سے ضلع کورنگی میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنایا جائیگا۔