پی ایس 114 ضمنی انتخاب، الیکشن کمیشن نے سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک لیا

Saeed Ghani

Saeed Ghani

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کو پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں جھٹکا، الیکشن کمیشن نے سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا، 17 جولائی کو طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ایس 114 میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس پر الیکشن کمیشن نے سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کو 17 جولائی کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔

درخواست گزار نے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ضمنی الیکشن میں بوگس ووٹ پول کئے گئے، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے۔

الیکشن کمیشن آفس کے باہر سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی، ووٹرز کے لئے مشکلات پیدا کی گئیں، ہمارے وکیل نے الیکشن کمیشن میں مختلف نکات اٹھائے، عدالت نے 27 پولنگ سٹیشنز پر خصوصی اقدمات کا کہا تھا، انہی پولنگ سٹیشنزمیں پھر تشدد ہوا اور جعلی ووٹ ڈالے گئے۔

انہوں نے کہا سعید غنی کے رشتہ دار جعلی ووٹ کاسٹ کرتے پکڑے گئے، چند پولنگ سٹیشنز پر 1200 ووٹ نکلے، دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے، حلقے کے تمام ووٹوں کی بائیو میٹرک تصدیق کرائی جائے۔